• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم چینی بحران کے تحقیقاتی کمیشن کو دھمکیاں ملنے پر برہم

وزیراعظم چینی بحران کے تحقیقاتی کمیشن کو دھمکیاں ملنے پر برہم


وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے چینی بحران کے تحقیقاتی کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں ملنے کا انکشاف کیا۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے تحقیقاتی کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دیے جانے پر سخت برہمی کااظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دھمکیاں شوگر مافیا نے دیں، جن کے خلاف انکوائری کمیشن تحقیقات کررہا ہے، اگر دوبارہ کمیشن کے ارکان کو دھمکانے کی کوشش کی گئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم 25 اپریل کو کمیشن کی حتمی رپورٹ کی روشنی میں آئین و قانون کے مطابق ایکشن لینے کے لیے پر عزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نےواضح کیا کہ انصاف کی راہ میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائیگا، مستقبل میں مصنوعی بحران سے بچنے کیلئے اصلاحات لائی جائیں گی۔

فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ نے حکومت کی شوگر پالیسی پر سوال اٹھائے ہیں، جسے اصلاحاتی عمل سے نہیں گزارا گیا تھا، رپورٹ نے نظام کی خرابیوں کی نشاندہی بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2014 اور 2018 میں اومنی گروپ کی شوگر ملوں کو جبکہ 2017 میں شاہد خاقان عباسی کی حکومت نے شوگر ملز مالکان کو سبسڈی دینے کی منظوری دی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ممنوعہ اور غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنس کےا جراء، کچھی کینال منصوبے کی تحقیقات نیب کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اجلاس میں بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ برتاؤ پر ناپسندگی کا اظہار کیا۔

فردوس اعوان نے بتایا کہ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کابینہ کو کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ ملک میں اب تک 54 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 28 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں روزانہ 10 فیصد کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

تازہ ترین