• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ حالات میں لاک ڈاؤن چلنا مشکل لگتا ہے، گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن ضروری تھا لیکن موجود حالات میں اس کا چلنا مشکل نظر آتا ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) کے مرکز کے دورے کے دوران کیا۔ 

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن ضروری تھا مگر ان حالات میں ایسا لاک ڈاؤن آگے چلنا مشکل لگتا ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو لاک ڈاؤن کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے 14 اپریل کے بعد نرمی کرنی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے احساس پروگرام میں بے ضابطگیوں پر 3 دنوں میں 17 مقدمات درج کیے ہیں۔ 

گورنر سندھ نے خبردار کیا کہ جس علاقے میں بے ضابطگی ہوئی اس علاقے کے ڈپٹی کمشنر کے خلاف ایف آئی آر کٹوا کر اسے معطل کروادوں گا۔

عمران اسمٰعیل نے کہا کہ صنعتوں اور مارکیٹوں کو کھولنے کے لیے حکمت عملی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا ہوگی۔

اس موقع پر کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کے کے ایف کے مرکز آنے پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کا شکریہ ادا کیا۔ 

ان ک کہنا تھا کہ ہم گورنر سندھ کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہماری درخواست پر یہاں آئے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ اب تک ایک لاکھ خاندانوں کو کراچی اور حیدرآباد میں راشن پہنچا چکے ہیں۔

تازہ ترین