بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں سامنے آ رہی ہیں، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر گولہ باری سے 2 شہری شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ چری کوٹ سیکٹر میں 35 سال کا شہری شدید زخمی ہوا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی فوج نے شکر گڑھ ورکنگ باؤنڈری پر بھی بلا اشتعال گولہ باری کی ہے جس سے گاؤں ننگل کا 57 سالہ شہری شدید زخمی ہوا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل بابر افتخار کا یہ بھی کہنا ہے کہ زخمیوں کو متاثرہ علاقوں سے نکال کر طبی امداد دی گئی ہے۔
گزشتہ روز بھی بھارتی فورسز کی ایل او سی کے ساتھ واقع شاردہ، شاہ کوٹ، ڈھڈیال سیکٹر پر بلااشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک بچی سمیت 4 شہری زخمی ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیئے: بھارت کشمیریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنارہا ہے، سراج الحق
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2020ء میں بھارتی فوج نے اب تک سیز فائر کی 708خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا ہے، جن کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 42 زخمی ہوئے ہیں۔