• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیٹ ویو میں پانی و مشروبات کا استعمال بڑھائیں، طبی ماہرین

ہیٹ ویو میں پانی و مشروبات کا استعمال بڑھائیں، طبی ماہرین


کراچی میں آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو سے بچاؤ کےلیے طبی ماہرین نے پانی اور مشروبات کا استعمال بڑھانے کی تجویز دے دی ہے۔

شہر قائد میں 5 سے 8 مئی کے دوران ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے، ایسی صورتحال میں عوام الناس سحری اور افطاری میں کیا کھائیں کیا نہ کھائیں کون کون سی احتیاط انتہائی ضروری ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں ممکنہ ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے، اس دوران درجہ حرارت 40 سے 42 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

سربراہ انفیکشن کنٹرول انڈس اسپتال ڈاکٹر نسیم صلاح الدین اور ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر خالد شفی نے عوام کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کی تدابیر بتائیں۔

ماہرین صحت کے مطابق شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی علامات میں بخار، سردرد، جسم میں درد، پسینے کا نہ آنا اور طبیعت زیادہ بگڑنے پر انسان بے ہوشی میں بھی مبتلا ہوجاتا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق رمضان المبارک میں ہیٹ ویوز کے دوران افطار اور سحر میں مشروبات اور پانی کا استعمال زیادہ کریں، مرغن کھانوں سے گریز کریں۔

طبی ماہرین کے مطابق ہیٹ ویو ز کے دوران بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اگر دن میں نکلیں تو سر کو ڈھانپ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شدید گرمی میں ہلکے رنگ کے کھلے کپڑے پہنیں، چکر آنے، کمزوری محسوس ہونے یا زیادہ پسینہ آنے کی صورت میں سایہ دار جگہ پر رک جائیں۔

طبی ماہرین نے یہ بھی کہا کہ ہیٹ ویوز کے دوران بزرگ افراد، حاملہ خواتین اور بچوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین