برطانوی شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے بیٹے ’آرچی‘ کی پہلی سالگرہ کے دن بنائی گئی ایک خوبصورت ویڈیو جاری کردی۔
یہ بھی پڑھیے: میگھن اور ہیری آرچی کی تقریب بپتسمہ کو پرائیویٹ رکھنا چاہتے ہیں
گزشتہ روز اپنی پہلی سالگرہ منانے والے آرچی کی والدہ میگھن کے ہمراہ کہانی سنتے ہوئے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ننھا آرچی میگھن کی گود میں بیٹھے کہانی سے لطف اندوز ہورہا ہے۔
شیئر کی گئی ویڈیو میں ہیری منظر سے غائب ہیں مگر عقب سے اُن کی آواز سنائی دے رہی ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ ویڈیو کی عکسبندی میں مصروف ہیں ۔
مذکورہ ویڈیو’سیو وِد اسٹوریز‘ مہم کی حمایت میں بنائی گئی ہے، اس مہم میں ہیری اور میگھن برطانیہ اور امریکا میں بڑھ چڑھ کا حصہ لے رہے ہیں جس کا مقصد ان بچوں کی دلجوئی کرنا ہے جو عالمی وبا کورونا کا شکار ہیں۔
آرچی کی سالگرہ کے موقع پر جاری کی گئی ویڈیو کا شمار ان شاذ و نادر ویڈیوز میں ہوتا ہے جس میں چہرہ واضح ہے، ہیری اور میگھن کی جانب سے شیئر کی گئی تصویروں اور ویڈیو میں آرچی کا چہرہ اکثر و بیشتر واضح نہیں کیا جاتا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 6 مئی کو دنیا میں آنے والے ہیری اور میگھن کے بیٹے کو 'ماسٹر آرچی ماؤنٹ بینٹن ونڈسر' کا نام دیا گیا تھا۔
’آرچی‘ کے نام سے پہلے شہزادے کا لقب استعمال نہیں کیا گیا بلکہ ان کے نام سے پہلے ماسٹر لگایا گیا۔