• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے آسان آپریشن فراہم کیا جائے

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آسان اور ون ونڈو آپریشن فراہم کیا جائے تو بہت بڑی سرمایہ کاری پاکستان منتقل ہوسکتی ہے۔

پاک جاپان بزنس کونس کے صدر رانا عابد حسین نے اپنی تنظیم کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تیار ہونے والی گاڑیوں کے صرف تیس فیصد پرزہ جات پاکستان میں مقامی طور پر تیار ہورہے جبکہ ستر فیصد پرزہ جات بیرون ملک سے تیار حالت میں آتے ہیں اور پاکستان میں اسمبلنگ میں استعمال ہوتے ہیں جس کے سبب پاکستان میں لاکھوں ملازمتیں پیدا نہیں ہورہیں جبکہ غیر ملکی کمپنیاں حکومت پاکستان سے مینوفیکچرنگ کے نام پر بھاری مفادات حاصل کررہی ہیں۔

رانا عابد حسین نے کہا کہ اگر معاہدے کے مطابق پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کار مینوفیکچرنگ کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے پانچ سال کے اندر اندر سو فیصد مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کرنے کی پابندی کریں تو پاکستان میں ہزاروں نئے کارخانے کھل چکے ہوتے اور لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار میسر آچکا ہوتا لیکن غیر ملکی کمپنیاں ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں کو ذاتی مفادات پہنچا کر پاکستان کے قومی مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

رانا عابدحسین نے کہا کہ ایک سال قبل وفاقی حکومت نے دوسال میں ایک لاکھ ڈالر پاکستان بھجوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو تین ہزار سی سی ہائبرڈ گاڑی پاکستان ڈیوٹی فری لانے کی اجازت دی تھی لیکن اس پالیسی پر عمل درآمد ہورہا ہے یا نہیں یا صرف بااثر افراد اس پالیسی سے فائدہ اُٹھا رہے ہیں اس حوالے سے بھی کوئی معلومات عوام کو حاصل نہیں ہیں۔

رانا عابد حسین نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آسان اور ون ونڈو آپریشن فراہم کیا جائے تو بہت بڑی سرمایہ کاری پاکستان منتقل ہوسکتی ہے جس کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ 

تازہ ترین