سائنس داں اس جدید دور میں لوگوں کی آسانی کے لیے نت نئی اشیا ء تیار کرنے میں سر گرداں ہیں ۔اس ضمن میںدنیا کاپہلا الٹروائلٹ اسمارٹ روم کو لربہت جلد مارکیٹ میں متعارف کر وادیا جائے گا ۔جسے انٹر نیٹ پر کرائوڈ فنڈ نگ کے بعد تیار کیا گیا ہے ۔اس کو ’’نیکس فین الٹرا‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ الٹروائلٹ شعاعیں جراثیم کو ختم کرسکتی ہیں ۔اس کے اندر نصب الٹروائلٹ (بالائے بنفشی ) نظام جو ہوا بھیجتا ہے وہ مکمل طور پر جراثیم سے پاک ہوتی ہیں۔ نیکس فین الٹر ا صرف چند سیکنڈ وں میں ہی ٹھنڈی ہوا پھینکنا شروع کردیتا ہے ۔
اس کی خاص بات یہ ہے کہ آپ اس کو کہی بھی اُٹھا کر لے جا سکتے ہیں ،کیوں کہ اس میں 10ہزار ایم اے ایچ کا پاور بینک لگا ہوا ہے۔اس پاور بینک کی وجہ سے یہ روم کولر 12 گھنٹے تک مسلسل چلتا رہتا ہے ۔اس کو آن کرنے کے چند سیکنڈ بعد ہی یہ پانچ درجے سینٹی گریڈ تک ٹھنڈی ہوا خارج کرنے لگتا ہے ۔اس کو یو ایس بی سے بھی چارج کیا جاسکتا ہے ۔یہ بڑی جگہ کو بھی بہت اچھے سے ٹھنڈا کرسکتا ہے ۔ اس کا طاقتور اندرونی پنکھا پانچ فیٹ کی دوری تک سرد ہوا کی مسلسل فراہمی جاری رکھتا ہے۔ اس میں ایک مرتبہ پانی ڈال کر جتنا ہلایا جائے اس سے پانی لیک نہیں ہوتا۔
روایتی ایئر کولر 70 واٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں جبکہ یہ ایئرکولر صرف 10 واٹ بجلی استعمال کرتا ہے۔عام طور پر روم کولر کی آواز بہت تیز ہوتی ہے۔ لیکن نیکس فین الٹرا میں بالکل بھی آواز نہیںہے ۔آپ اس کو اپنی سہولت کے مطابق دو آپشن میں رکھ سکتے ہیں،پہلا یہ کہ یہ نمی خارج کرتا ہے اور دوسرا ٹھنڈی ہوا پھینکتا ہے ۔پانی بھرے کے بعد اس کا وزن مشکل سے دو پونڈ ہو جاتا ہے ۔فی الحال اس کی قیمت 45 ڈالر مقرر کی گئی ہے ۔