لاہور/راجن پور(نمائندہ جنگ/ ایجنسیاں) جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں،جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن گذشتہ روز بھی جاری رہا جس میں 100 سہولت کار گرفتارکر لئے گئے۔آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کے کچے کے علاقہ میں پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور پنجاب رینجر کادہشتگردوں ، کریمینل گینگزاور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مشترکہ آپریشن جاری ہے جس میں مختلف اضلاع کے 1600 پولیس اہلکار حصہ لےرہے ہیں۔پانچ دن قبل شروع کیے گئے اس آپریشن میں اب تک دہشت گردوں کے100 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیاہے جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نےدہشتگردوں کو چاروںا طراف سے علاقے کو گھیرے رکھاہے جبکہ صوبہ سندھ اور بلوچستان کے ساتھ ملحقہ بارڈرز اور دریائی راستوں کی سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور عارضی پولیس چوکیا ں بھی قائم کی گئی ہیں اس جاری آپریشن کو پاکستان آرمی کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرانے اس آپریشن کومنطقی انجام تک پہنچانے کے لیے فیلڈ افسران کو ہدایات کی ہے۔