• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’جیو سوپر ‘‘ آئی پی ایل کے تمام میچز اور افتتاحی تقریب براہ راست دکھائیگا

کراچی (  محمد ناصر ) ”جیو سوپر “ آئی پی ایل کے تمام میچز اور افتتاحی تقریب براہ راست دکھائے گا جبکہ رنگا رنگ تقریب میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا ، کترینا کیف، رنویر سنگھ، جیکولین فرنینڈس سمیت کئی سپر اسٹار پرفارم کریں گے ، براوو اپنا مشہور عالم گیت ”چیمپئن“ بھی گائیں گےجبکہ 9 ویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلے 29 مئی تک جاری رہیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی رنگینیاں اور سنسنی خیزیاں اپنے جوبن پر ہیں اور پی ایس ایل ، ایشیا کپ ، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد بھی کرکٹ کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اور اب بھی بھارت اسکا مرکز ہے اور یہاں ہر سال کھیلی جانے والی انڈین  پریمیئر لیگ کا 9واں ایڈیشن ہونے جارہا ہے ۔ پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ’’جیوسوپر‘‘ کھیل کی دُنیا کا کوئی بھی بڑا مقابلہ ناظرین کی نظروں سے اوجھل نہیں ہونے دیتا۔ اِس کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ دُنیا اور خاص طور پر پاکستان میں ہونے والا کوئی بھی اسپورٹس کا بڑا ایونٹ براہ راست اپنے ناظرین کیلئے پیش کرے۔ کرکٹ خواہ آئی سی سی کی سطح پر ہو یا کوئی بھی لیگ ہو یا مقامی سطح پر کوئی بھی بڑا ایونٹ ہو ’’جیوسوپر‘‘ اِن مقابلوں کو دِکھانے کا پورا انتظام کرتا ہے۔ گذشتہ برسوں کی طرح اِس بار بھی ’’جیوسوپر‘‘ نے ’’انڈین پریمیئر لیگ 2016 کے 9 ویں ایڈیشن‘‘ کے نشریاتی حقوق حاصل کرلئے ہیں۔8اپریل کو آئی پی ایل کی رنگا رنگ  افتتاحی تقریب کلکتہ کے وینکھیڈے اسٹیڈیم سے پاکستان کے پہلے نجی اسپورٹس چینل ’’جیوسوپر‘‘ سے براہ راست پیش کی جائے گی۔ 9؍ اپریل سے 29 مئی تک جاری رہنے والے تمام سنسنی خیز مقابلے پاکستانی ناظرین اپنے پسندیدہ چینل جیو سوپر پر دیکھیں گے۔ ایونٹ میں جو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اُن میں دہلی ڈیئرڈیولز، کنگز الیون پنجاب، کولکتہ نائٹ رائڈرز، ممبئی انڈینز، رائل چیلنجرز بنگلور، سن رائز حیدرآباد، رائزنگ پونے سپر جائنٹس اور گجرات لائنز شامل ہیں۔ واضح رہے بدعنوانیوں کے باعث چنئی سپر کنگز اور راجھستان رائلز کی ٹیموں کو معطل کیا گیا ہے اور اِن کی جگہ اس سیزن میں دو نئی ٹیمیں ’’گجرات لائنز‘‘ اور ’’رائزنگ پونے سپر جائنٹس ‘‘ شامل کی گئی ہیں۔ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں کُل 60 مقابلے ہوں گے، 56گروپ میچ اور 4 پلے آف میچز کھیلے جائیں گے، جس میں کرس گیل، اے بی ڈیویلیئر، ڈیوڈ وارنر، مورگن، کیون پیٹرسن، براوو، ڈیوڈ ملر، میکس ویل، مچل جونسن، آندرے رسل، سنیل نرائن، بریڈ ہوج، شکیب الحسن، ملنگا، عمران طاہر، ڈی کوک کے علاوہ کئی عالمی سپر اسٹارز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ یاد رہے کہ اِس بار بھی اِس لیگ میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی حصہ نہیں لے رہا۔ ماضی کے مقابلے میں اِس بار آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب کو مزید شاندار اور جاندار بنانے کیلئے جدید طرز کو مدِ نظر رکھا گیا ہے، انڈین پریمیئر لیگ کے 9 ویں سیزن میں جہاں جدید ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال ہوگا وہیں شاندار پروجیکشن کیلئے 360ڈگری کے جدید کیمروں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔کرکٹ کی روح میں جان ڈالنے کیلئے رنگا رنگ تقریب میں کترینا کیف، رنویر سنگھ، جیکولن فرنینڈس، یو یو ہنی سنگھ سمیت بالی ووڈکی کئی معروف شخصیات اور امریکی گلوکار بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے، اِن میں کرس برائون اور میوزک گروپ ’’میجر لیزر‘‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیج کو مزید رونق بخشنے کیلئے 200 ڈانسرز بھی مختلف گیتوں پر اپنا رقص کرتے دکھائی دیں گے، یہی نہیں بھارت سے تعلق رکھنے والے مقامی اور لوک فنکار بھی اپنا فن پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے ڈی جے براوو بھی اپنا مشہور عالم گیت ’’چیمپئن‘‘ گائیں گے۔
تازہ ترین