• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی ظفر کیجانب سےخواجہ سرا برداری میں راشن تقسیم


کورونا وائرس کی اِس مشکل گھڑی میں روز کی دہاڑی کمانے والے افراد جہاں پریشان ہیں تو وہیں صاحب استطاعت افراد اُن کی مالی امداد میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے نظر آرہے ہیں، اِیسے میں پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار علی ظفر کی کمیونٹی سروس آرگنائزیشن،علی ظفر فاؤنڈیشن نے لاہور کی خواجہ سرا برداری میں راشن تقسیم کیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے ’علی ظفر فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے خواجہ سرا برداری میں تقسیم کیے گئے راشن کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنا پیغام جاری کیا۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں علی ظفر نے کہا کہ ’ہم نے خواجہ سرا برادری میں راشن تقسیم کیا جس کے بعد میں یہ سوچ رہا ہوں کہ ہم نے اب تک خواجہ سراؤں کو معاشرے میں برابری کا مقام دینے کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے؟‘

گلوکار نے کہا کہ ’اگر ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں یہ بیڑیاں توڑنی ہوں گی اور سب کو برابر کے حقوق دینے ہوں گے۔‘

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے گلوکار علی ظفر نے کورونا وائرس کے اِس مشکل وقت میں ’علی ظفر فاؤنڈیشن‘ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت غریب مزدوروں اور روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والوں کی عملی مدد کے لیے ہزاروں افراد میں راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا کیسز کی تعداد 50 ہزار سے زائد جبکہ اموات 1 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔

تازہ ترین