• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارے کے زمین بوس ہونے کا منظر دیکھا تو چیخیں نکل گئیں، عینی شاہدین

طیارے کے زمین بوس ہونے کا منظر دیکھا تو چیخیں نکل گئیں، عینی شاہدین 


کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملیر ماڈل کالونی کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نےپی آئی اے کا ائیربس 320 طیارے کے زمین بوس ہونے کے منظرکو دیکھا تو ان کی چیخیں نکل گئیں۔

 عینی شاہدین کے مطابق پائلٹ نے آبادی کو بچانے کی کوشش کی لیکن طیارے میں آگ بھڑکنے کے بعد وہ آبادی پر جاگرا۔

 ایک نوجوان رحمان انصاری نے کہا کہ وہ گھر کے باہر کھڑے تھے کہ جہاز کے انجن کی آواز بدلی ہوئی سنائی دی، جہاز سے خوف ناک آواز نکل رہی تھی،میں نے اوپر دیکھا تو چند سیکنڈز میں جہاز ایک گھر کے اوپر گر چکا تھا۔

ایک خاتون نائیلہ ناہید نے بتا یاکہ وہ دوکان پر تھیں کہ انہوں نے دیکھا کہ جہاز ڈگمگا رہا ہے اور دونوں جانب ہل رہا ہے، دیکھتے ہی یکھتے جہاز گر پڑا،ایک نوجوان طارق خان نے کہا کہ جہاز کو نیچے کی جانب آتا دیکھ کر میں ڈر کر بھاگ گیا۔

 اس کے انجن میں آگ لگی ہوئی تھی، میں بھاگ کر تھوڑی دور پہنچا تھا کہ دھماکے کی آواز آئی اور پھر مسلسل عمارتوں کا ملبہ گرنے کی آوازیں بھی آ نے لگی، لوگوں کے چلانے اور چیخنے کی آواز سن کر واپس آیا تو گلی میں رش لگا ہوا تھا۔

ایک تباہ ہونے والے مکان کی خاتون نے بتایا کہ وہ بیٹے کے ساتھ پھل لینے گئی ہوئی تھیں واپس آئی تو گھر تباہ ہوچکا تھا، نوجوان نے بتایا کہ نماز جمعہ کی وجہ سے مرد افراد گھر سے باہر تھے۔

بعض عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے آبادی کو بچانے کی کوشش کی لیکن طیارے میں آگ بھڑکنے کے بعد وہ آبادی پر جاگرا ۔

تازہ ترین