• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی طیارہ حادثے پر پاکستانی فنکاروں کا اظہار افسوس

گزشتہ روز لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے پرواز کو پیش آنے والے المناک حادثے پر پاکستانی فنکاروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغامات جاری کردیے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں عالمی شہرت یافتہ معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ ’میری دُعائیں اُن سب کے ساتھ ہیں جو اِس طیارہ حادثے میں اِس دُنیا سے رخصت ہوگئے ہیں اور جو لوگ اِس وقت زخمی ہیں۔‘

ہمایوں سعید نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کراچی فضائی حادثے میں رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ اِس المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اُن کے گھروالوں کو صبر و تحمل دے آمین۔‘

اُنہوں نے اپنے پیغام میں طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دُعا کی۔

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار علی ظفر نے اپنے پیغام میں 2020 کو ایک دل دہلانے دینے والا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’پی آئی اے طیارہ حادثہ اِس سال کی ایک اور تباہ کن اور المناک خبر ہے۔‘

علی ظفر نے اپنے پیغام میں طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے دُعا بھی کی۔

معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے پی آئی اے طیارہ حادثے میں انتقال کر جانے والوں کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہم سب کے لیے ایک دلبرداشتہ خبر ہے۔‘

ماورا حسین نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مرحومین کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک المناک خبر ہے، اللّہ ہم سب پر اپنا رحم کرے۔‘

نامور گلوکار فرحان سعید نے بھی اپنے ٹوئٹ میں مرحومین کی مغفرت کے لیے اور اُن کے اہلِ خانہ کے لیے دُعا کی۔

پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر زمان نے بھی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پی آئی اے طیارہ حادثے پر شدید غم کا اظہار کیا۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والے قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں97 افراد جاں بحق ہوئے۔

تازہ ترین