• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے مابین معاملات طے پا گئے، پولٹری ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کل سے عید کے تین دن تک مرغی کا گوشت 260 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے پاکستان پولٹری ایسوسی کے وفد کی سول سیکرٹریٹ میں ملاقات ہوئی جس میں ان کے معاملات ہڑتال ختم کرنے اور سپلائی جاری رکھنے کی حد تک طے پاگئے ہیں، جبکہ قیمت کے معاملے پر دونوں فریقین کی عید کے بعد دوبارہ ملاقات ہوگی ۔

دوسری جانب وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ پولٹری ایسوسی ایشن کے تمام تحفظات دور کریں گے اور ان کے جائز مسائل حل کریں گے۔

میاں اسلم اقبال نے بتایا کہ کل سے بازار میں 260 روپے کلو گوشت مرغی ہوگی، جس دکان دار نے مقررہ قیمت سے زائد پر گوشت فروخت کرنے کی کوشش کی، اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

پولٹری ایسوسی ایشن نے موقف اختیار کیا کہ لاک ڈاؤن سے مرغی کی پیداوار کم رہی جس سے قلت ہوئی اور قیمت بڑھی جلد اس کو بہتر کر لیں گے۔

واضح رہے کہ بازار میں اس وقت من مانی قیمت 300 روپے سے زائد پر مرغی بیچی جارہی ہے جبکہ صارفین مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں ۔

تازہ ترین