• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید دستر خوان: سویاں اور شیر خرما بنانے کا طریقہ

ہر سال عید الفطر کے موقع پر شیریں، میٹھے پکوانوں میں سوّیاں اور شیر خرما بنانے کی روایت ہے۔ یہ خاص پکوان نماز عید کے بعد یا پہلے بطور ناشتا گھروں میں کھایا جاتا ہے اور تمام آنے والے مہمانوں کو بھی پیش کیا جاتا ہے۔

سویّاں:

اجزاء: 

سویّاں ایک پیکٹ، کھویا ایک پاؤ، بالائی آدھا پاؤ، دودھ آدھا لیٹر، گھی ایک کپ،الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، چینی حسبِ ذائقہ، پانی ایک کپ، کیوڑا ایک کھانے کا چمچ، لونگ تین عدد، زعفران آدھی چٹکی، بادام، پستے (باریک کٹے ہوئے) اور کشمش حسبِ ضرورت۔

ترکیب: 

ایک پتیلی میں گھی گرم کرکے اس میں لونگ اورالائچی پاؤڈر ڈال کر بھون لیں، پھر سویّاں شامل کرکے بادامی رنگت ہونے تک بھون کر دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں، جب دودھ کو اُبال آجائے، تو بالائی اور کھویا ڈال کر پکنے دیں، اس کے بعد چینی ڈال کر چند منٹ مزید پکائیں، مگر سویّاں زیادہ گاڑھی نہ کریں، کیونکہ یہ ٹھنڈی ہونے کے بعد مزید گاڑھی ہوجاتی ہیں، آخر میں کیوڑا اور زعفران ملا کر چولھا بند کردیں اور باؤل میں نکال کر فریج میں رکھ دیں۔

شِير خرما:

اجزاء:

دودھ ایک لیٹر، سویّاں ایک پیکٹ، گھی آدھا پاؤ، الائچی (پِسی ہوئی) آدھا چائے کا چمچ، چینی ایک کپ، چھوہارے چھے عدد، بادام بارہ عدد، پستے بارہ عدد۔

ترکیب: 

پہلے بادام، پستے اُبال کر بادام کے چھلکے اتار کے باریک باریک کاٹ لیں، چھوہاروں کو بھی لمبائی میں کاٹ لیں، پھر تھوڑا سا گھی گرم کر کے اس میں بادام، پستے اور چھوہارے ڈال کر ہلکاسا فرائی کرکے رکھ دیں، اب ایک درمیانے پتیلے میں دودھ گرم کریں۔

پھر الائچی پاؤڈر اور چینی شامل کر کے اچھی طرح پکائیں، اب 5 سے 10 منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر دَم دے دیں، اس دوران فرائی پین میں گھی ڈال کر گرم کریں اور سویّاں بھون کر دودھ میں شامل کر کے پکنے دیں، ساتھ ساتھ چمچ چلاتی رہیں، گاڑھا ہونے پر خشک میوہ جات شامل کردیں۔ 

تازہ ترین