• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرائم پیشہ عناصر کسی بھی معاشرے کے لئے وہ بدنما داغ ہے جو کہ پورے معاشرے کو اپنے گھناؤ نے کاموں کے باعث داغدار کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ جرائم کی دنیا سے وابستہ یہ لوگ نہ تو کسی کی مظلومیت پر ترس کھاتے ہیں اور نہ ہی انہیں کسی کا خیال و احساس ہوتا ہے، یہ لوگ صرف موقع کی تاک میں ہوتے ہیں اور جب انہیں موقع ملتا ہے یہ گھنائونی سرگرمیاں شروع کردیتے ہیں۔طویل لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیہاڑی دار طبقہ اور کم آمدنی والے افراد معاشی بدحالی کی وجہ سے فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والی مستحق خواتین میں 12ہزار روپے امدادی رقم کی تقسیم کا عمل شروع ہونے کے ساتھ ہی نوسر باز بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔ 

انہوں نے سادہ لوح خواتین کے نام فہرست میں شامل کراکر 12ہزار روپے کی رقم دلانے کا جھانسہ دیکر رقم بٹورنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ نوسر بازوں کے یہ گروہ مختلف علاقوں میں سادہ لوح خواتین کو جھانسہ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کئے جانے والے احساس کفالت پروگرام کے سینٹرز پر آنے والی خواتین کو بھی لوٹنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ پولیس نے سکھر کے مختلف مراکز میں کارروائیاں کرکے ایک درجن کے قریب نوسر بازوں کو گرفتار کیا ہے جو کہ خواتین کو امدادی رقم دلانے کا جھانسہ دے کر ان سے پیسہ بٹوررہے تھے۔ پولیس نے نہ صرف ملزمان کو گرفتار کیا بلکہ ان کے قبضے سے خواتین سے بٹوری جانے والی 38ہزار روپے کی رقم بھی برآمد کی ہے۔

ایس ایس پی سکھر، عرفان علی سموں کے مطابق تھانہ بائجی کی حدود میں قائم سرکاری کیمپ میں نوسر باز مجبور خواتین کو پیسےدلوانے کا لالچ د ے کر 300سے 500روپے وصول کررہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرکے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے خواتین سے بٹورے جانے والی رقم کے 38ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں۔ملزمان سرکاری کیمپ میں تھرڈ پارٹی کنٹریکٹرکے طور پر بطور مشین آپریٹر تعینات تھے۔ اسی طرح تھانہ سائٹ اور مبارک پور کی حدود میں قائم کئے جانے والے سینٹرز میں بھی 3نوسر بازوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے مختلف کمپنیز کی ویریفکیشن ڈیوائسز مشینیں برآمد ہوئی ہیں۔ نوسر باز خواتین کو رقم دلانے کا جھانسہ دے کر ان سے رقم بٹور رہے تھے۔ 

اس قسم کی شکایات موصول ہونے پر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کی اور نوسر بازوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔ ایسی ہی ایک تیسری کارروائی کے دوران کندھرا کی حدود میں پولیس نے احساس پروگرام مرکز میں کارروائی کے دوران خواتین سے پیسے بٹورنے والے نوسر باز کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے نقدی اور ویریفکیشن مشین برآمد ہوئی ہے۔ ملزم مجیب الرحمن کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحق خواتین میں رقم کی تقسیم کے لئے قائم مراکز کے ساتھ نوسر باز اور جعل ساز گروہ ضلع کے مختلف علاقوں بالخصوص پسماندہ علاقوں میں جاکر خود کو حکومت کا نمائندہ ظاہر کرکے خواتین کے کوائف جمع کررہے ہیں اور ان سے فیس کی مد میں رقم بھی بٹور رہے ہیں۔ اس قسم کی شکایات موصول ہونے پر پولیس نے کارروائی کرکے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری اور بروقت کارروائی کرکے نوسر بازوں کی گرفتاری عمل میں لائی جارہی ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کی آڑلے کر سرگرم ہونے والے نوسر بازوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تمام تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ جن مقامات پر احساس کفالت پروگرام کے سینٹرز قائم کئے گئے ہیں وہاں پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور نوسر بازی کرنے والوںکو گرفتار کیا جائے۔

اس موقع پر ایس ایس پی عرفان علی سموں نے نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے اس بات کا بھی خاص خیال رکھا ہوا ہے کہ ضلع بھر کے تمام علاقوں بالخصوص پسماندہ علاقوں میں اگر کوئی شخص خود کو حکومت کا نمائندہ ظاہر کرکے خواتین سے پیسے بٹورنے کی کوشش کرے تو اس کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جاسکے۔ اس حوالے سےتمام افسران کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنے اپنے تھانوں کی حدود کے ہر گلی و محلے کا دورہ کریں اور تمام صورتحال کاخود جائزہ لیں۔ اگر کوئی بھی شخص اس قسم کی جعل سازی میں ملوث پائے جائے تو اسے فوری گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جائے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پولیس کی جانب سے جہاں حکومت سندھ کے نافذ کئے گئے لاک ڈائون پر مکمل طور پر عملدرآمد کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں وہیں جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور جرائم کی شرح کو کم کرنے کے لئے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ایس ایس پی عرفان علی سموں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث کئے گئے لاک ڈائون کے دوران اس بات کا خدشہ ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہوکر وارداتیں انجام دے سکتے ہیں۔اس لئے ضلع بھر کے تمام تھانوں کے انچارجز، پولیس افسران و اہلکاروں کو خصوصی طور پر ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے فرائض احسن انداز سے انجام دیں۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ کسی بھی تھانے کی حدود میں جرائم کی کوئی واردات رونما ہوئی تو متعلقہ تھانہ انچارج کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کے لئے حکومتی احکامات پر مکمل طور پر عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور جرائم کی روک تھام کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ اگر کسی بھی مشکوک شخص یا مشتبہ سرگرمیاں نظر آئیں تو فوری طور پر قریبی تھانے کی پولیس کو اطلاع دی جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کی جاسکے۔

تازہ ترین
تازہ ترین