• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمیوں میں فرحت بخش فالسہ شربت ضرور پیئں

موسمِ گرما کے کھٹے میٹھے پھل فالسے کے استعمال سے گرمی کی شدت کم محسوس ہوتی ہے، فالسہ لو  لگنے اور ڈیہائیڈریشن سے بھی بچاؤ ممکن بناتا ہے۔

موسم گرما کے آتے ہی ہیٹ ویو اور لو لگ جانے سے کئی افراد متاثر ہوتے ہیں جبکہ پیٹ اور آنتوں کی بیماریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے، گرمیوں میں خود کو ان شکایتوں سے بچانے اور گرمی کی شدت میں کمی کے لیے فالسے کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے جبکہ کیلشیم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔

ماہرین غذائیت کے مطابق فالسے کے 100 گرام میں 72 کیلوریز، 81 ملی گرام موئسچر، 15 ملی گرام کاربوہائیڈریٹس ، 129 ملی گرام کیلشیم اور 3 ملی گرام آئرن پایا جاتا ہے جبکہ اس میں پروٹین ، فیٹ اور منرلز کی تعداد 1 ملی گرام ہوتی ہے ۔

فالسہ شربت کا استعمال کیوں لازمی ہے ؟

لو اور تپش کے باعث بے انتہا پسینہ آتا ہے جس کے نتیجے میں جسم سے سوڈیئم کا اخراج بھی زیادہ ہوتا ہے اور چکر آنا، ہوش کھو بیٹھنا اور تھکاوٹ محسوس ہونا جیسی شکایتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے میں ماہرین چینی اور نمک ملے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال تجویز کر تے ہیں تاکہ جسم میں الیکٹرولائٹس کی مقدار برابر رہے ۔

ورلڈ جرنل آف فارماسیوٹیکل ریسرچ میں شائع ہونے والی ایک ر پورٹ کے مطابق بیریز میں شمار کیے جانے والے پھل فالسے میں سوڈیئم اور پوٹاشیم کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے جس کے استعمال کے نتیجے میں انسانی جسم میں آئنز کی سطح برقرار رہتی ہے اور آپ خو د کو ترو تازہ اور توانا محسوس کرتے ہیں۔

فالسے کا شربت معدے اور آنتوں کی صحت کے لیے نہایت مفید ہے

صبح کے اوقات میں فالسے کے شربت کے استعمال سے معدے اور آنتوں کی صحت پر مثبت اثرات آتے ہیں ، گرمیوں میں ڈائریا اور ہیضے جیسی بیماریوں سے نجات ملتی ہے جبکہ ہاضمہ بھی درست ہوتا ہے ۔

ایک تحقیق کے مطابق فالسے میں اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی مائیکروبیئل خصوصیات پائے جانے کے سبب معدے کی صحت کے لیے یہ ایک مؤثر غذا ہے۔

اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پائے جانے کے سبب فالسے کے شربت کا استعمال یو ٹی آئی ( یورینری ٹریک انفیکشن ) کی شکایت میں بھی مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

فالسہ شربت بنانے کے لیے درکار اجزا :

100 گرام فالسہ بیریز

حسب ضرورت نمک ( کالا نمک بھی استعمال کیا جا سکتا ہے)

3 چمچ شہد

3 سے 4 پتے پودینے کے

250 ملی لیٹر پانی

فالسہ شربت بنانے کا طریقہ :

فالسوں کو اچھی طرح سے دھو کر 3 سے 4 گھنٹوں کے لیے نیم گرم پانی میں بھگو دیں ۔

اب صاف ہاتھوں سے فالسہ بیریز کو پانی میں مسل کر بیج اور گودا الگ کر لیں ۔

اب گودے اور پانی کو چھان کر پیج الگ کر لیں اور اس مرکب میں مزید پانی شامل کر لیں ۔

اس میں پودینے کے پتے ( پسے ہوئے) ، شہد اور نمک ملا کر اچھی طرح سے ملا لیں، حسب زائقہ اس میں لیموں کا رس بھی شامل کیا جا سکتا ہے ۔

اب اس شربت میں برف شامل کر کے ٹھنڈا یخ کر لیں اور نوش فرمائیں یا مہمانوں کو پیش کریں۔

تازہ ترین