دنیا بھر میں صوفیانہ گائیکی کے جوہر دکھانے والے استاد راحت فتح علی خان نے بھارتی میوزک کمپوزر واجد خان کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ واجد خان کی موت ہم سب کے لیے ایک اور بڑا نقصان ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں راحت فتح علی خان نے کہا کہ ’آج کا دن ایک افسوسناک خبر کے ساتھ شروع ہوا ہے کیونکہ ہر دلعزیز میوزک کمپوزر واجد بھائی ہمیں چھوڑ کر اِس دُنیا سے رخصت ہوگئے ہیں۔‘
راحت فتح علی خان نے کہا کہ ’عرفان خان اور رشی کپور کے بعد واجد خان کی موت ہمارے لیے ایک اور بہت بڑا نقصان ہے، ساجد خان اور واجد خان جیسے میوزک کمپوزرز صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔‘
اُنہوں نے واجد خان کی مغفرت کی دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ واجد خان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اُن کے اہلخانہ کو اِس مشکل وقت میں ہمت اور صبر دے آمین۔‘
راحت فتح علی خان نے کہا کہ ’اِس مشکل دور میں سب حوصلے اور ہمت سے کام لیں کیونکہ ایک دن ہم سب کو ہی اللّہ کے سامنے پیش ہونا ہے۔‘
گلوکار نے اپنےاگلے ٹوئٹ میں واجد خان کے ہمراہ اپنی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج میں نے اپنے ایک دوست اور بھائی کو کھو دیا ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار علی ظفر نے بھی واجد خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا۔
علی ظفر نے کہا کہ ’واجد خان کے انتقال کی افسوسناک خبر نے ہم سب کو ایک جھٹکا دیا ہے۔‘
گلوکار نے کہا کہ ’میں ہمیشہ واجد خان کو ایک خوش مزاج انسان اور ہنستے مسکراتے ہوئے چہرے کے ساتھ یاد کروں گا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے وہ دن یاد ہے جب واجد خان نے فلم ’چشم بدور‘ کے لیے گانا ’ڈھچکاؤں‘ کمپوز کیا تھا۔‘
یاد رہے کہ واجد خان طویل عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے، واجد علی خان معروف طبلہ نواز استاد شرافت علی خان کے بیٹےتھے، واجد خان اور ان کے بھائی ساجد خان کا میوزک گروپ ساجد واجد کے نام سے مشہور تھا۔
42 سالہ واجد خان نے سلمان خان پر فلمائے گئے دو گانوں کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی۔ انہوں نے سلمان کے ساتھ فلم دبنگ، ایک تھا ٹائیگر اور وانٹڈ میں بھی کام کیا تھا۔