• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جارج فلائیڈ کی موت نے امریکا میں نسلی امتیاز کو نمایاں کیا: اوباما


سابق امریکی صدر براک اوباما نے امریکا میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے معاملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ جارج فلائیڈ کی موت نے امریکا میں منظم نسلی امتیاز کو نمایاں کیا ہے۔

براک اوباما نے  اپنی غیر نفع بخش تنظیم مائی برادرز کیپر الائنس کے ٹاؤن ہال میں ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے امریکا میں جاری سیاہ فاموں کے ساتھ نسل پرستانہ رویے پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے دورہ صدارت میں یہ تنظیم  نسلی امتیاز کے خاتمے کی کوششیں تیز کرنے کے لیے قائم کی تھی۔

براک اوباما نے ٹاؤن ہال میں اپنی گفتگو کے آغاز میں جارج فلائیڈ اور پولیس حراست میں ہلاک دوسرے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ دیکھتے ہیں کہ ملک بھر میں نوجوانوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جارہا ہے تو انہیں بہت مایوسی ہوتی ہے لیکن جب نوجوانوں کا ردعمل دیکھتے ہیں تو امید جاگ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی جوش و ولولے کے ساتھ نوجوان اپنی تحریک جاری رکھیں تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ ملک کے حالات بہتر ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سماج سدھارنے کی تحریکیں ہمیشہ نوجوانوں نے چلائی ہیں اور وہی اس وقت سڑکوں پر ہیں، لیکن حالات بدلنے کے لیے انہیں سیاسی طور پر متحرک ہونا ہوگا۔

 ٹاؤن ہال کا موضوع پولیس اصلاحات تھا۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پولیس کا نظام بدلنے کے لیے شہری انتظامیہ کے حکام کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کا پولیس تشدد ہم نے دیکھا ہے، اسے روکنے کے لیے اصلاحات کی ضرورت ہے۔ 19 ہزار سے زیادہ نیوز فلموں اور 18 ہزار سے زیادہ آبادیوں میں اصلاحات کی ضرورت واضح ہوئی ہے۔

سابق امریکی صدر نے کہا کہ تبدیلی لانے کے لیے احتجاج اور سیاست میں حصہ لینا دونوں ضروری ہیں، جب ہم کسی مسئلے کی نشاندہی کرتے ہیں تو بااختیار لوگ بے آرام ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بااختیار لوگوں کے سامنے مسئلے کے عملی حل اور ایسے قانون پیش کرنا ضروری ہیں جن پر عمل کیا جاسکے۔

تازہ ترین