• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرپورخاص پولیس نے ہفتہ رفتہ میں ایک بڑی کارروائی کرکے ڈکیتی،رہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی گروہ کے دوکارندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلیں،اسلحہ،موبائل اور بھاری مقدار میں رقم برآمد کرلی۔جنگ کو باوثوق ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران میرپورخاص ضلع کے تعلقہ سندھڑی اور اس کے گرد ونواح کے مختلف علاقوں میں جرائم کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا تھا۔ 

جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کرنے کے لیئے ایس ایس پی میرپورخاص جاوید احمد بلوچ کی خصوصی ہدایت پر سینئر پولیس افسر ڈی ایس پی سندھڑی ذوالفقار قائم خانی کی سربراہی میں ایس ایچ اوپھلاڈیوں عبدالرزاق جمالی اور ایس ایچ او دلبر مہر تھانہ دلشاد خاصخیلی پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے بڑی کارروائی کرکے دو ملزمان دلبر مری اور رشید عرف شاہ نواز عرف نانا مری کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے میرپورخاص، عمرکوٹ اور سانگھڑ اضلاع سے چھینی گئی 6موٹر سائکلیں،موبائل،رقم،اے ٹی ایم کارڈ،دوٹی ٹی پستول برآمد کرلیے۔

پولیس کے مطابق مذکورہ چوروں کا بین الاضلاعی گروہ سے تعلق ہے اور یہ جرائم کی مختلف وارداتوں میں سندھ کے مختلف تھانوں کی پولیس کو مطلوب تھے۔لاک ڈائون میں پولیس کی مصروفیات سے فائدہ اٹھا کر یہ گروہ تعلقہ سندھڑی اور دیگر علاقوں میں خاصا سرگرم تھا۔ ملزم دلبر مری کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ حافظ قران ہے۔ غلط لوگوں کی صحبت کے باعث وہ جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ شامل ہوگیا تھا جبکہ دوسرا ملزم رشید عرف نانا مری زمیندار ہے ۔ملزمان کی گرفتاری پر علاقے کے کے باشندوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ڈی ایس پی ذوالفقار قائم خا نی نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان جرائم پیشہ افراد کے بین الاضلاعی گروہ سے تعلق رکھتے ہیں جو طویل عرصہ سے میرپورخاص ،عمرکوٹ ،سانگھڑ اور نواب شاہ میں سرگرم تھا۔ان کی سرگرمیوں سے لوگوں میں خاصا خوف وہراس پھیلا ہوا تھا۔پولیس کی جانب سے ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہےاور اس سلسلے میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔ ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ نے پولیس پارٹی کےلیے انعام کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب عالمی وبا کورونا سےنمٹنے کےلیےلاک ڈاؤن کو بامقصد بنانے کے لیے میرپورخاص کے ضلع بھر کی پولیس ایس ایس پی جاوید بلوچ کی قیادت میں خاصی متحرک ہے،تاہم پولیس میں شامل کالی بھیڑوں نے لاک ڈاؤن کو بھی اپنی ناجائزکمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء گھروں سے فروخت کرنے والوں اور دیگر کاروبار کرنے والوں سے مبینہ طور پر بھتہ لینے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔امکان ہے کہ ایس ایس پی اس کا فوری نوٹس لیتے ہو ئے پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والے پولیس اہل کاروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین