پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار شہریار منور کا کہنا ہے کہ اُنہیں اُمید ہے کہ اِس تاریک گھڑی میں سب سمجھدار ہوجائیں گے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شہریار منور نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں اداکار کھلے آسمان کے نیچے سبز گھاس پر بیٹھے ہاتھ اُٹھائے اللّہ تعالیٰ سے ہم کلام ہو رہے ہیں۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے شہریار منور لکھا کہ ’اِس مشکل وقت میں روزانہ ہمیں ایک خوفناک خبر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جیسے طیارہ حادثہ، طوفان، ٹڈی دل کے حملے، نسل پرستی، عالمی وبا اور دیگر فسادات لیکن یہاں میں یہ سوچتا ہوں کہ کائنات ہمیں ایک پیغام دینے کی کوشش کر رہی ہے۔‘
شہریار منور نے لکھا کہ ’اگر ہم دیکھیں تو دُنیا کی کوئی بھی ترقی یافتہ حکومت پھر چاہے وہ ٹرمپ کی ہو یا مودی کی ہو اِس عالمی وبا پر قابو نہیں پاسکتی ہے۔‘
اداکار نے کہا کہ ’ہم سب ہی ایک دوسرے سے اتنی نفرت کرتے ہیں کہ اِسی وجہ سے اللّہ نے ہم سب کو ایک دوسرے دور کردیا ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’صرف چند مہینوں کی معاشرتی دوری نے ہمیں یہ احساس دلا دیا ہے کہ ہم سب ایک دوسرے پر منحصر ہیں۔‘
آخر میں شہریار منور نے لکھا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ ہم سب ہی اِس مشکل وقت میں سمجھدار ہوجائیں گے۔‘
اداکار کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے مہوش حیات نے بھی اُن کے جذبات کو خوب پسند کیا۔