پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیشی سے متعلق کہا ہے کہ ان کی پیشی ’لوٹ کے بُدھو گھر کو آئے‘ کے مترادف ہے۔
اپنے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ملکی خزانے کو گھر کا مال سمجھ کر اُڑایا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کی قانون کے شکنجے سے بچ جانے کی توقع ان کی خام خیالی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ’’شہباز شریف کی پیشیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا‘‘
ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، رانا ثنا اللّٰہ سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کو اپنا انجام نظر آرہا ہے۔
اپنی بات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ہی وجہ ہے کہ شہباز شریف کے حواریوں کو شوگر اسکینڈل پر حکومتی ایکشن سے تکلیف ہو رہی ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپٹ مافیا کے احتساب کا عمل ہر صورت جاری رہے گا۔