ایڈیٹر اِنچیف جنگ اور جیو گروپ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف لاہور، پشاور، کوئٹہ، نوابشاہ اور اوتھل میں احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
لاہور میں ڈیوس روڈ پر جاری احتجاجی کیمپ میں جنگ، جیو اور دی نیوز کے صحافیوں، کارکنان اور میڈیا ورکرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر سینئر صحافی شاہین قریشی، ظہیر انجم اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری ریاست کے چوتھے ستون کو گرانے کی ناکام کوشش ہے، ان ہتھکنڈوں کے خلاف جنگ اور جیو کے کارکنان سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔
پشاور میں احتجاجی مظاہرہ جنگ، جیو اور دی نیوز کے دفاتر کے سامنے کیا گیا۔
مظاہرے میں جنگ جیو کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے شرکت کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ میڈیا پر قدغن کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔
کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاج کیا گیا، اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کے خلاف تین مہینے گزرنے کے باوجود نیب ریفرنس کا دائر نہ ہونا قابل مذمت ہے، میر شکیل الرحمٰن کے کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جارہے۔
نوابشاہ میں تاجروں کی جانب سے مارکیٹ روڈ پر جبکہ اوتھل میں صحافیوں نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کیا اور ریلی نکالی ۔
مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔