• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے بجٹ میں صحت کے شعبے کو اہمیت دی جائے گی، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نئے بجٹ میں صحت کے شعبے کو اہمیت دی جائے گی۔

پی پی پی کا پارلیمانی اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا جس میں منظور وسان، تمام صوبائی وزراء اور ایم پی ایز شریک ہوئے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث صورتحال اچھی نہیں، ہمارے ہاں اموات بھی بڑھ رہی ہیں اور کیسز بھی روزانہ 2000 سے زائد آرہے ہیں۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا وائرس پر بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم بدھ کو کابینہ کا اجلاس کریں گے، اور بدھ کو صوبہ سندھ کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ کے حوالے سے حکومتی تجویز کردہ اقدامات سے پارلیامنٹری پارٹی کو بریف کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بجٹ میں کورونا کے حوالے سے اقدامات، واٹر اینڈ سینیٹیشن، غربت کا خاتمہ، سماجی بھلائی کے پروگرام اور کچھ دیگر ترجیحات ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے سال کے اے ڈی پی میں جاری اسکیمز کو مکمل کریں، صحت کے محکمے کو نئے بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر حال میں صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے، اس وقت کورونا وائرس کے باعث سندھ کے عوام مشکل میں ہیں۔

اجلاس میں مرحوم مرتضیٰ بلوچ کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین