کراچی (ٹی وی رپورٹ‘ ایجنسیاں) عدالتی حکم نظرانداز‘عوام چینی کی 70روپے فی کلو فراہمی سے محروم ‘شوگر ملز اور دکانداروں کا مذکورہ قیمت پر چینی دینے سے انکار‘مختلف شہروں میں بیوپاریوں نے چینی کے نرخ اپنی مرضی سے مقرر کر دیئے ہیں جہاں چینی 90 روپیہ فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے جبکہ وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں چینی کی فی کلو 70روپے قیمت کے فیصلے پر عملدرآمدیقینی بنائیں گے ۔
ادھر جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز گروپ نے 70 روپے فی کلو چینی کی فروخت کے لیے مختلف شہروں میں اسٹالز لگا دیئے جبکہ اسلام آبادہائیکورٹ میں چینی انکوائری کمیشن کیس میں گنے کے کا شتکاروں کی متفرق درخواست سماعت کیلئے مقرر ہوگئی ہے ‘ کاشتکاروں کی درخواست پرچیف جسٹس اطہرمن اللہ آج پیر کو سماعت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق شوگر ملز ایسوسی ایشن نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو سستی چینی فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے وفاقی وزارت صنعت و پیداوارکو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو 63 روپے کلو چینی نہیں دے سکتے، وزارت صنعت کی 63 روپےکلو چینی فراہمی کی سفارش کی قانونی حیثیت نہیں۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ وہ 60 ہزار ٹن چینی دینے کے لیے تیار ہیں اور عبوری عدالتی حکم کے تحت 70 روپےکلو چینی فراہم کریں گے۔خط میں کہا گیا ہے کہ گھریلو استعمال کے لیے نان کمرشل اداروں کو 70 روپےکلو چینی دینےکو تیار ہیں اور عدالتی حکم کے تحت وفاقی حکومت چینی 70 روپے کے حساب سے اٹھانے کے انتظامات کرسکتی ہے، انتظامات کو حتمی شکل دینے تک شوگر ملز نان کمرشل صارفین کو ازخود 70روپے کلو چینی فراہم کرے گی۔
علاوہ ازیں مختلف شہروں میں بیوپاریوں نے چینی کے نرخ اپنی مرضی سے مقرر کر دیئے ہیںجہاں چینی 90 روپیہ فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، بیوپاریوں نے چینی کا اسٹاک کرنا بھی شروع کردیا ہےکیونکہ چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ ہمیں بھی چینی مہنگے نرخ پر مل رہی ہے، اگر ضلع انتظامیہ اور مقامی انتظامیہ نے بیوپاریوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی کی تو ہم چینی کی فروخت بند کر دینگے‘ دریں اثناء جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز گروپ نے 70 روپے فی کلو چینی کی فروخت کے لیے مختلف شہروں میں اسٹالز لگا دیئے۔
ترجمان جہانگیر ترین غضنفر محمود ریحان کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز گروپ جس میں جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز یونٹ ون جمال دین والی، یونٹ 2 ماچھی گوٹھ صادق آباد،یونٹ 3 گھوٹکی،یونٹ 4 ڈہرکی، جے کے ون کچہ کھوہ خانیوال،جے کے 2 مرید شاہ گھوٹکی ملز نے 70 روپے فی کلو چینی کی فروخت کے لیے مختلف شہروں میں اسٹالز لگا دیے ہیں۔
یہ اسٹالز رحیم یار خان،صادق آباد،،میاں چنوں و دیگر علاقوں میں لگائے گئے ہیں جن پر شہریوں کو 70 روپے فی کلو چینی مل رہی ہے۔شہریوں نے سستی چینی کی فراہمی پر جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔