• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا نے مزید 67؍ افراد کی جان لے لی


کراچی، لاہور (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر،نامہ نگار) ملک میں کورونا وائرس کی تباہ کاری جاری ہے، اتوار کو وائرس نے مزید 67؍ افراد جان لے لی، جبکہ مزید نئے کیسز آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 142263 ؍ تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس سے پولیس اہلکار اور ہیلتھ عملہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دونوں محکموں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کے افراد کے ٹیسٹ پازیٹو آئے چکے ہیں، جبکہ 38 ڈاکٹرز، نرسیں، 15 پولیس افسران و اہلکار شہید ہوچکے ہیں، اتوار کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے 3؍ ارکان سمیت مزید ارکان اسمبلی بھی شکار ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ملک میں کورونا سے مزید 67 افراد انتقال کرگئے جسکے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2663 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 142263 تک پہنچ گئی ہے۔ 

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک 868565؍ افراد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 51738؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 

اتوار کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 6399 کیسز اور 67 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں پنجاب سے 2514 کیسز اور 31 اموات، سندھ سے 2287 کیسز اور 15 اموات جب کہ خیبرپختوا سے 14 ہلاکتیں اور 563 کیسز اور اسلام آباد سے 771 کیسز اور 4 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ 

اس کے علاوہ بلوچستان سے 149 کیسز اور 2 ہلاکتیں، آزاد کشمیر سے 30 کیسز اور ایک ہلاکت جب کہ گلگت بلتستان سے 85 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب سے اتوار کو کورونا کے مزید 2514کیسز اور 31 اموات سامنے آئی ہیں۔ 

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 52602 اور اموات 969 ہوگئی ہے۔ صوبے میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 17560 ہے۔اتوار کو سندھ سے کورونا کے 2287 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 15 مریض انتقال کرگئے جسکے بعد صوبے میں کورونا سے اموات کی تعداد 831 ہو گئی ہے۔ 

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں اس وقت کورونا کے 573 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں سے 80 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا کےمزید 1219 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جسکے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 25 ہزار 606 ہوگئی ہے۔ 

مراد علی شاہ نے بتایا کہ کراچی میں آج کورونا کے 1499 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس میں سے ضلع وسطی میں 242، شرقی میں 369، کورنگی میں 185کیسز، ملیر 122، جنوبی میں 418 اور غربی میں 163 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

اسلام آبادسے اتوار کو کورونا کے مزید 771 کیسز اور 4 اموات سامنے آئی ہیں۔ پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 7934 ہوگئی ہے جبکہ انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 75 ہو چکی ہے۔یہاں کورونا وائرس سے 1671 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 

اتوار کو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 14 افراد جان کی بازی ہارگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 675 تک جاپہنچی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 563 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جسکے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 18013 ہوگئی ہے۔صوبے میں اب تک 4539 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

اتوار کو بلوچستان میں کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 85 ہوگئی۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 149 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8177 ہوگئی۔ 

بلوچستان میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2859 ہے۔ آزاد کشمیر سے اتوار کو کورونا کے مزید 30 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔ جسکے بعد آزاد کشمیر میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 604 ہوگئی ہے اور اموات کی تعداد 12 ہے۔

تازہ ترین