• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں کورونا بے قابو، چار دن میں 8 ہزار سے زائد کیسز

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) کراچی میں کورونا وائرس بے قابو ہونا شروع ہو گیا ہے اور گزشتہ چار دنوں کے دوران شہر میں کورونا وائرس کے 8 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں ۔

اس طرح کراچی میں یومیہ کیسز کی اوسطاً تعداد 2 ہزار تک جاپہنچی ہے جو بہت خطرے کی بات ہے ۔ کراچی کے اسپتالوں میں بستروں کی صورتحال سب پرعیاں اور یہ عام تاثر ہے کہ جس بیماری کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک قابو کرنے میں بری طرح ناکام رہے اسے سندھ کا کمزور نظام صحت کیسے قابو کرسکے گا اسلئے ماہرین صحت عوام سے گھروں میں رہنے اور بہت زیادہ احتیاط کرنے کی درخواست کر رہے ہیں ۔

ماہرین کی بڑی تعداد اب بھی لاک ڈاؤن کی حامی ہے ۔ کراچی میں مئی کے اوئل میں یومیہ کیسز کی تعداد 400 تھی جو وسط میں بڑھ کر 600 پر چلی گئی جبکہ اواخر میں یہ تعداد 800 یومیہ تک جاپہنچی ۔ جون کے ابتدائی دس ایام میں کیسز کی یومیہ تعداد 1 ہزار سے 1400 کے درمیان رہی لیکن 11 جون کو کراچی میں 2ہزار 471 افراد اس سے متاثر ہوگئے۔

12جون کو 2ہزار 49 افراد، 13جون کو 1ہزار 813 جبکہ گزشتہ روز 14 جون کو 1 ہزار 891 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ۔ مجموعی طور پر گزشتہ چار دنوں میں 8 ہزار 224 افراد کوکورونا وائرس ہوا جس نے یومیہ کیسز کی اوسطاً تعداد کو 2 ہزار تک پہنچا دیا ہے ۔

ماہرین صحت کا ماننا ہے کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے اور عوام کے بے فکر ہوکر احتیاط چھوڑنے کے باعث کیسز بے قابو ہو رہے ہیں ۔ ماہرین نے عوام سے درخواست کی ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں، بلاضرورت باہر نہ جائیں، اجتماعات سے گریز کریں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

تازہ ترین