اسلام آباد(اے این این )فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) نے چین کو دو کروڑ ماسک برآمد کرنے کے معاملہ پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کو بری الزمہ قرار دیدیا ہے۔ اس سلسلے میں ینگ فارماسسٹ ایسوسی ایشن ثبوت پیش نہیں کر سکی۔
انکوائری کمیٹی نے تحقیقات روکنے کی استدعا بھی کر دی۔ایف آئی اے نے پاکستان ینگ فارماسسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 25 فروری کو بھجوائی گئی درخواست پر مکمل چھان بین کے بعد اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ معاون خصوصی ظفر مرزا کا ماسک برآمد کرنے کیلئے پرمٹ کے اجرا سے تعلق ثابت نہیں۔
درخواست گزار اپنے الزام بارے کوئی شواہد پیش نہیں کر سکا۔ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے 30 جنوری کو حفاظتی اشیا کی برآمد پر پابندی لگائی تھی۔ ڈریپ نے ماسک برآمد کرنے کیلئے چینی کمپنیوں کو پرمٹ جاری کئے اور ماسک برآمد کرنے کی اجازت قواعد وضوابط کے تحت دی۔
یاد رہے نیب نے بھی معاملہ کی انکوائری شروع کرنے کی منظوری دی ہوئی ہے۔