لاہور(نمائندہ جنگ) پنجاب بھر کی یونیورسٹیز میں قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھانے کو لازمی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔پنجاب کی جامعات میں قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی۔
گورنر پنجاب و یونیورسٹیز کے چانسلر چوہدری محمدسرور نے تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی مشاورت کے ساتھ قر آن پاک ترجمہ کے ساتھ یونیورسٹیز میں پڑھانے کا اعلان کیا۔
پنجاب کی تمام جامعات میں لیکچررز طلبہ کو ترجمہ کیساتھ قرآن پڑ ھائیں گے اور طلبہ کے لیے اس لیکچرار میں شرکت کرنا اتنا ہی لازمی ہوگا جتنا دیگر لیکچرار میں ہوتا ہے۔ یونیورسٹیز میں قرآن مجید کا نصاب اسلامیات کے مضمون کے علاوہ پڑھایا جائے گا۔
گورنر نے مزید کہا ہے کہ قرآن مجید ہمارے لیے اصل رہنمائی کا ذریعہ ہے قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت سنواری جا سکتی ہے۔
گورنر نے کہا کہ ہم نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز اختر کی سربراہی میں 7رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جنہوں نے تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد تمام امور کو فائنل کیا ہے۔