• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس کا کورونا کیخلاف پہلی جنگ جیتنے کا اعلان، وائرس پرسیاست نہ کی جائے،ڈبلیوایچ او

پیرس ، لندن، روم(اے ایف پی، نیوز ڈیسک) فرانس کے صدر ایمانوئل میکغوں نے کورونا کیخلاف پہلی جنگ جیتنے کا اعلان کردیا ہے ، تاہم ان کا کہنا ہے کہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی ہے ، قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کورونا کیخلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی لیکن مجھے وائرس کیخلاف پہلی کامیابی پر خوشی ہے۔

انہو ں نے پیرس سمیت ملک بھر کو ’’گرین زون ‘‘ میں کرنے کا اعلان کیا جس کا مطلب ہے ملک میں اسٹیٹ الرٹ کا درجہ کم کردیا گیا ہے ، فرانس میں کیفےاور ریسٹورینٹ کھول دیے جائیں گے، دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے ایک بار پھر کورونا وائرس پر سیاست نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ʼہم وبا پر سیاست کرکے خود کو تقسیم اور غیر محفوظ کر رہے ہیں، ہم اس سے بہتر کام کر سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ʼایک بار پھر کہہ رہا ہوں کورونا پر سیاست کو قرنطینہ کر دیں، ایران میں اپریل کے بعد سے پہلی مرتبہ ایک روز میں 100 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ایران میں کورونا کی دوسری لہر کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

ایرانی وزارتِ صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے کہا کہ ہمارے لیے تین ہندسوں پر مبنی اعداد و شمار جاری کرنا بہت تکلیف دہ ہے،یہ ایک خوف ناک وائرس ہے جس کی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی اور یہ ہمیں کسی بھی وقت حیرت زدہ کر سکتا ہے، انھوں نے ٹی وی پر اعلان کیا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 107 مزید ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ایران میں اب تک کُل 9000 لوگ ہلاک چکے ہیں۔

بنگلہ دیش میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ، 24گھنٹوں میں3ہزار 141نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 87ہزار 520ہوگئی جبکہ مزید 32اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1ہزار 171ہوگئی ہے۔

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے 11 ہزار 929 کیسز اور اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد وہاں کیسز کی تعداد 3 لاکھ24ہزار سے زائد اور اموات 9 ہزار 247 ہو گئی ہے، چین کے سول ایوی ایشن ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ 11 جون کی پرواز میں 17 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا سے گوانگژو جانے والی چائنا سدرن ایئر لائن کی پرواز معطل کردی جائے گی۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ کی تھوک مارکیٹ میں کورونا کے نئے کیسز کے بعد اتوار کے روز متاثرہ علاقوں میں 10ہزار سے زائد لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ نقل وحرکت پر سخت پابندی عائد کردی گئی ہے ،امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1لاکھ 17ہزار 559ہوگئی ہے جبکہ مزید 4ہزار 660کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 21لاکھ 46ہزار 884ہوگئی ہے ، امریکا کی ریاست ٹیکساس اور فلوریڈا سمیت متعدد ریاستوں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں بے تحاشا اضافہ ہورہا ہے۔

جہاںاسپتال بھر گئے ہیں، برطانوی خبرایجنسی کے مطابق الباما، فلوریڈا اور ساؤتھ کیرولینا میں مسلسل تیسرے روز ریکارڈ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اوکلاہاما میں دوسرے روز بھی کیسز میں مسلسل اضافہ ہوا۔

الاسکا میں ہفتے میں پہلی مرتبہ اضافہ دکھا گیا، لوزیانا ابتدا میں کوونا وائرس کا مرکز تھاجہاں ایک مرتبہ پھر 1200 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو 21 مئی کے بعد سب سے زیادہ ہیں،روس میں کورونا سے مزید 119اموات کی تصدیق کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6ہزار 948ہوگئی ہے جبکہ مزید 8ہزار 835کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی تعداد 5لاکھ 28ہزار 964ہوگئی ہے۔

لاطینی امریکی ممالک میں بھی کورونا سے ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین