معروف بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے سوشانت سنگھ کی افسوسناک موت کے حوالے سے فلم انڈسٹری کی جانب سے پھیلائے گئے پروپیگنڈے کو بے نقاب کردیا۔ جس میں موجودہ بیانیے میں حقیقت کو چھپانے کے ساتھ ساتھ وہ وجہ بھی چھپائی گئی جس کے باعث سوشانت سنگھ اس انتہائی اقدام پر مجبور ہوئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام میں کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی موت نے ہم سب کو دہلا کر رکھ دیا ہے اور پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ جو لوگ ذہنی طور پر کمزور ہوتے ہیں، وہ ڈپریشن میں آکر خودکشی کرلیتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو انجینئرنگ میں رینک ہولڈر ہو اس کا دماغ کیسے کمزور ہوسکتا ہے، اگر آپ اس کے آخری پوسٹ دیکھیں تو ان میں وہ واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ آپ میری فلمیں دیکھیں، کیونکہ میرا کوئی گاڈ فادر نہیں ہے مجھے اس فلم انڈسٹری سے نکال دیا جائے گا۔
بھارتی اداکارہ کا مزید کہنا ہے کہ اپنے انٹرویو ز میں وہ واضح کررہے ہیں کہ فلم انڈسٹری مجھے کیوں نہیں اپناتی؟۔ کنگنا رناوت نے سوال کیا کہ کیا یہ اس افسوسناک واقعہ کی بنیاد نہیں ہے۔
کنگنا رناوت نے انڈسٹری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ سے کچھ نہیں چاہئے، لیکن آپ ہمارے کام کو تسلیم کیوں نہیں کرتے ہیں۔
بھارتی اداکارہ کا کہنا ہے کہ لوگ مجھے فون کرتے ہیں کہ تمہارا بہت مشکل وقت ہے، تم کوئی ایسا ویسا قدم نہیں اٹھالینا۔
کنگنا رناوت کا مزید کہنا تھا کہ سوشانت کی غلطی یہ ہے کہ وہ ان لوگوں کی بات مان گیا، تم بے وقعت ہو وہ مان گیا۔