کراچی (نیوز ڈیسک)امریکا نے چین اور بھارت کے درمیان جاری تنازع پر کہا ہے کہ اس کا فریقین کے درمیان ثالثی کا کوئی ارادہ نہیں۔
بھارتی اخبار کے مطابق وائٹ ہائوس کی ترجمان کیلی میک ایننی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین اور بھارت کے درمیان سرحدی جھڑپ سے آگاہ ہیں اور لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں تاہم ٹرمپ کا ثالثی کا کوئی ارادہ نہیں۔
انہوں نے 20بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت بھی کیا،جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے بھارت اور چین پر زور دیا ہے کہ وہ سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے کی کوشش کریں۔
دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ گلوان وادی میں سرحد پر تازہ صورتحال مستحکم اور قابو میں ہے، چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ملک جلد سے جلد حالات کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔
بھارتی فوج نے جمعرات کے روز واضح کیا ہے کہ چین کیساتھ جھڑپ میں ان کا کوئی فوجی لاپتہ نہیں ہوا ہے ، تصادم میں زخمی ہونے والے بھارتی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ چین کے فوجیوں نے تصادم میں نوکیلے بانس استعمال کیے۔
زخمی اہلکاروں بھارتی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے چین فوجیوں سے تصادم میں صرف لاٹھیوں اور پتھروں کا استعمال کیا، ادھر بھارت میں چین سے جھڑپ میں مارے گئے 20فوجیوں کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
جمعرات کے روز فوجیوں کی باقیات ان کے لواحقین کے حوالے کی گئیں جنہوں نے ان کی آخری رسومات ادا کردیں ، اس موقع پر چین کیخلاف مظاہرے بھی ہوئے جس میں چینی پرچم جلائے گئے۔
دریں اثناء بھارت اور چین کے فوجی حکام نے وادی گلوان میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے جمعرات کو ملاقات کی ہے۔