واشنگٹن (نیوز ایجنسیز / جنگ نیوز) امریکی قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن نے اپنی کتاب میں تہلکہ خیز انکشافات کئے ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر کے صدارتی انتخابات جیتنے کیلئے چین کے صدر شی جن پنگ سے مدد مانگی ، وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مجھے پر چی پر لکھ کر دیا کہ ٹرمپ کے دماغ میں گوبر بھرا ہے ، ٹرمپ کا ذاتی عملہ ان کی نقل اُتارتا ہے ، ٹرمپ صدارتی دفتر کیلئے فٹ نہیں ۔
ادھر جان بولٹن کی کتاب کی اشاعت رکوانے کی وائٹ ہاؤس کی کوششیں ناکام ہوگئیں جبکہ صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کتاب جھوٹ پلندہ ہے جس میں من گھڑت کہانیاں لکھی گئیں ، مجھ سے منسوب باتیں غلط ہیں ۔
دوسری جانب چین نے کہا ہے کہ اس کا امریکی الیکشن میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سابق مشیر امور قومی سلامتی جان بولٹن نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ہی صدر ٹرمپ کے بارے میں کہا کہ ان کے دماغ میں گوبر بھرا ہوا ہے۔
جان بولٹن نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا ہےکہ صدر ٹرمپ نے دوبارہ الیکشن میں فتح یقینی بنانے کے لیے چین سے مدد مانگی ہے۔جان بولٹن نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ٹرمپ کی شی جن پنگ سے ملاقات جون میں جاپان میں ہوئی تھی، اس موقع پر ٹرمپ نےباتوں کا موضوع بدلا، الیکشن کی بات کی اور چینی صدر سے کہا امریکی مصنوعات خریدیں۔
اس موقع پر چینی صدر نے ایغور مسلمانوں کیلئے کیمپوں پر وضاحت دینا چاہی تو ٹرمپ نے کہا کہ چین کو جو بہتر لگے وہ کرنا چاہئے اور ایغور کیمپ بھی بناسکتا ہے ۔
جان بولٹن کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر سے کہا کہ دوبارہ الیکشن میں فتح یقینی بنوائیں حالانکہ ٹرمپ نے یکسر مختلف بیان دیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ چین انہیں ہرانا چاہتا ہے۔
مواخذے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات میں کئی اہم سوالوں پر بات ہونے سے رہ گئی ہے یہ انہوں نے مجرمانہ تحقیقات بھی رکوانے کی کوشش کی تھی۔
اپنی نئی کتاب میں جان بولٹن نے شمالی کوریا کے سپریم لیڈر اور صدرٹرمپ کی ملاقات پربھی دلچسپ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران صدر ٹرمپ کےساتھی پیٹ پیچھے ان کی نقلیں اتارتے تھے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میںجان بولٹن کی کتاب کو ’حماقت پر مبنی اور انتہائی بیزار کن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کتاب جھوٹ اور من گھڑت کہانیوں کا پلندا ہے، جان بولٹن ایک ایسی احمق اور غصہ ور شخصیت ہیں جس پر صرف جنگی جنون سوار رہتا ہے۔
ادھر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے جان بولٹن کے دعوؤں کے جواب میں کہا ہے کہ چین کا امریکی الیکشن میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں ۔