بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکار ہ شردھا کپور کی طرف سے اپنے ساتھی اداکار اور دوست سوشانت سنگھ کی یاد میں سوشل میڈیا پر ایک خاص پیغام سامنے آیا ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شردھا کپور نے فلم ’چھچھورے‘ کے دوران جمع کی جانے والی کچھ یادیں شیئر کیں جن میں پینٹنگ، سوشانت سنگھ اور شردھا کپور کی ایک تصویر اور ایک کتاب شامل ہے جو سوشانت نے شردھا کپور کو دی تھی۔
شردھا کپور نے ان تمام یادوں کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جو کچھ بھی ہوا ہے میرے لیے اسے قبول کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ سوشانت ناصرف میرا اچھا دوست تھا بلکہ وہ ایک ذہین اور قابل انسان بھی تھا، وہ ہمیشہ اپنے اردگرد اچھائی تلاش کرتا تھا۔‘
بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ ’سوشانت ایک حیرت انگیز شخص تھا اور یہی وجہ تھی کہ میں سوشانت کے ساتھ دلچسپ گفتگو کر نے کے لیے ہمیشہ سیٹ پر اُس کی منتظر رہتی تھی، وہ اپنا کام دل و جان سے کرتا ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’وہ ہر ایک کو خوش دیکھنا چاہتا تھا اور جہاں بھی جاتا تھا اپنی باتوں سے اور اپنے اخلاق سے ہر طرف مسکراہٹ بکھیر دیتا تھا۔‘
شردھا کپور نے لکھا کہ ’سوشانت کو موسیقی اور شاعری پڑھنا بہت پسند تھی، میں نے اُس کے ساتھ جو بھی وقت گُزارا بہت ہی یادگار رہا اور ایک بار تو سوشانت نے مجھے اپنی دوربین سے چاند بھی دکھایا تھا۔‘
بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ ’سوشانت واقعی ایک خاص شخص تھا، مجھے ہمیشہ اُس کی یاد آئےگی۔‘
یاد رہے کہ فلم ’چھچھورے‘ 6 ستمبر 2019 کو ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں شردھا کپور نے سوشانت سنگھ کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈپریشن کا شکار 34 سالہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ نے رواں ماہ 14جون کو ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں پھانسی کا پھندہ لگا کر خودکشی کی تھی۔