نیوزی لینڈ میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، فرار ہونے والے حملہ آور کی گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا، فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کر لیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے مقتول پولیس اہلکار سمیت دیگر اہلکاروں کے خاندانوں سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے پولیس کمشنر اینڈریو کوسٹر کے مطابق گذشتہ رات آکلینڈ میں دو پولیس اہلکار معمول کی کارروائی کے لیے ایک کار کی جانب بڑھے تو کار میں موجود نوجوان نے رائفل نکال کر اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور دوسرے شخص کے ہمراہ گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگیا۔ یاد رہے کہ کیوی پولیس اہلکار غیر مسلح تھے۔
بعدازاں فائرنگ کرنے والے 24 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا، فائرنگ کا مقصد معلوم کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
نیوزی لینڈ میں دوران ڈیوٹی کسی پولیس اہلکار کی ہلاکت کا 11 سال میں یہ پہلا واقعہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 130سال میں یہ 23واں پولیس اہلکار ہے جو دوران ڈیوٹی اپنی جان سے گیا جبکہ اس سے قبل ایسا واقعہ گیارہ برس قبل پیش آیا تھا۔