وزیراعظم عمران خان سے نامور ادیبوں اور مصنفوں نے وڈیولنک کے ذریعے ملاقات کی ہے، ملاقات میں وزیراطلاعات شبلی فراز، معاون خصوصی اطلاعات عاصم سلیم باجوہ بھی شریک تھے ۔
وزیر اعظم نے قومی تہذیب و تمدن اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ پر قابل اعتراض مواد کی آسان دستیابی، مغربی طور طریقوں سے چیلنجز در پیش ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بیرونی کلچر کی یلغار سےاقدار اورنوجوان نسل کی تعلیم وتربیت کو بھی چیلنجز درپیش ہیں، اسلامی شعار، قومی اقدار سے متضاد کلچر کی بھرمار سے تاریخ، معاشرتی اقدارکو خطرات لاحق ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل میں اسلامی شخصیات،آباؤاجداد اور قومی تاریخ کے بارے میں معلومات محدودہوتی جارہی ہیں، نئی نسل کو قومی تشخص سے روشناس کرانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں معاشرتی اقدار،پاکستانیت کےفروغ کیلئے فوری اقدامات اٹھائےجائیں، نامور ادیبوں کی تحریریں ہرطبقے میں مقبول ہیں اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتےہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قومی تہذیب اور پاکستانیت کےفروغ سےمتعلق کوششوں کی بھرپور پذیرائی کی جائےگی۔