کوئٹہ(آئی این پی )جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ پیر عزیز الرحمٰن ہزاروی کا سانحہ ارتحال ظلمت میں ڈوبے ہوئے معاشرے کیلئے کسی قیامت سے کم نہیں ،جمعیت شفیق سرپرست سے محروم ہوگئی ،آزادی مارچ سمیت ہرمشکل مرحلے میں حضرت نے دن رات ایک کرکے جمعیت کی کامیابی کیلئے عملی جدو جہد اور دعائیں کیں وہ شیخ ذکریہ کاندھلوی کے خلیفہ مجاز اور جمعیت اسلام آباد کے سرپرست اعلیٰ کی حیثیت سے ولایت کے اعلیٰ مناصب جلیلہ پر فائز تھے ان اولیا اور علماء کی رحلت ظلمت میں ڈوبے ہوئے معاشرے میں کسی قیامت سے کم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جید عالم دین مولانا مفتی محمد نعیم کے بعد یہ سانحہ کسی بڑے امتحان سے کم نہیں انہوں نے پیر عزیز الرحمٰن ہزاروی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اصلاح امت، اشاعت دین، ترویج اسلام کیلئے لازوال قربانیاں دیں وہ تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی رحلت سے امت ایک ولی سے محروم ہوگئی ،انہوں نے مرحوم کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی۔