• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ سمیت ملک بھر میں مون سون کی اچھی بارشوں کا امکان


محکمہ موسمیات نے رواں مون سون میں ملک بھر میں اچھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، مون سون آؤٹ لُک میں سندھ میں معمول سے 20 فیصد زائد بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

مون سون میں اس بار ملک میں اچھی بارشوں کی پیشن گوئی کی جارہی ہے، جولائی سے ستمبر کے دوران ملک میں مون سون کی بارشیں معمول سے 10فیصد زائد ہونگی، جبکہ کشمیر اور سندھ میں مون سون کی بارشیں معمول سے 20 فیصد زائد ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے زائد بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے، ماہرین موسمیات نے حالیہ مون سون میں زائد بارشیں ہونے کی ایک وجہ پیسفک اوشن میں معمول سے کم درجہ حرارت کا ہونا قرار دیا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق پیسفک اوشن میں معمول سے کم درجہ حرارت کو لانینا کہا جاتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شمالی پاکستان میں جون کے آخر اور جولائی کے آغاز میں مون سون کے آغاز کی پیشن گوئی کی ہے جبکہ کراچی کے لیے مون سون کے باقاعدہ آغاز کا وقت تاحال نہیں بتایا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مون سون کے 30 سالہ موسمیاتی ریکارڈ کے مطابق پاکستان میں معمول کی اوسط بارشیں 140.9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہیں، سندھ میں معمول کی بارشیں 133.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ کراچی میں معمول کی بارشیں 131.9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہیں۔

تازہ ترین