• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حدیقہ کیانی کا گایا ارطغرل غازی کا ٹائٹل سانگ ہٹ ہوگیا

 


پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کی خوبصورت آواز میں اسلامی فتوحات پر مبنی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کا ٹائٹل سانگ ہٹ ہوگیا۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ارطغرل غاری کے پوسٹر کے ساتھ اپنی بھی تصویر شیئر کی ہے، تصویر پر لکھا ہے کہ ’ایک ملین ویوز‘یعنی حدیقہ کیانی کی آواز میں ارطغرل غازی کے گانے کواب تک دس لاکھ مداح دیکھ اور پسند کرچکے ہیں۔


انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ کے ساتھ حدیقہ کیانی نے کیپشن میں لکھا کہ ہم نے اکیلے صرف فیس بک پر دس لاکھ (ایک ملین) ویوز حاصل کرلیے ہیں، انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سپورٹ کرنے کا شکریہ، میں واقعی سب کی بہت مشکور ہوں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل گلوکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے ترک زبان میں ’ارطغرل غازی‘ کا ٹائٹل سانگ گایا ہے، جو کہ 2 منٹ 58 سیکنڈز پر مشتمل ہے۔

اپنی پوسٹ کے ساتھ کیپشن میں حدیقہ کیانی نے لکھا کہ ’پاکستان اور ترکی کے لیے میری محبت کسی دوسرے ملک کی محبت سے بالکل برعکس ہے کیونکہ میرے آباؤ اجداد کا تعلق ترکی کے شہر ازمیر سے ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں بچپن سے ہی ترکی سے وابستہ رہی ہوں اور میں نے بچپن میں ہمیشہ ترکی میں منعقدہ بچوں کے بین الاقوامی میلے میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔‘


گلوکارہ نے لکھا کہ ’2005 میں جب میں واپس ترکی گئی تھی تو میں نے ’اتاترک کلچرل سینٹر اینڈ اوپیرا ہاؤس‘ میں ایک بار پھر سے پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور اس دوران سب سے خاص بات یہ تھی کہ میں نے ترکی کا مشہور گانا ’Sen Aglama‘ گایا تھا اور میں نے اپنی گلوکاری کے ذریعے اُس ملک کے لوگوں سے پاکستانی عوام کی محبت کا اظہار کیا تھا جو ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہوتا ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اب 2020 میں پاکستان میں ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی کامیابی کے بعد میں نے ایک بار پھر ترکی کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرنے کا ارادہ کیا اور میں نے اس ضمن میں ترک زبان میں ’ارطغرل غازی‘ کا ٹائٹل سانگ گایا ہے۔‘

حدیقہ کیانی نے لکھا کہ ’میں نے اپنی گلوکار ی کے ذریعے ترکی کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے تاکہ اسی طرح پاکستان اور ترکی کے مابین ثقافت، فن اور محبت کے ذریعے دوستی پروان چڑھتی رہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’اُمید کرتی ہوں کہ آپ کو میری آواز میں یہ گانا پسند آئے گا۔‘

تازہ ترین