• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ اسٹاک ایکسچینج، شہداء نے ملک کو بڑی دہشتگردی سے بچایا، سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ گذشتہ روز سانحہ اسٹاک ایکسچینج میں شہید ہونے والے سیکورٹی گارڈز اور پولیس کے جوانوں نے شہادت دے کر اس ملک کو ایک بڑی دہشتگردی سے بچایا ہے، جس طرح ان تینوں سیکورٹی گارڈز اور پولیس کے جوانوں نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی، سندھ حکومت ان تمام شہداء کے لواحقین کے غموں میں برابر کی شریک ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز تینوں شہید سیکورٹی گارڈز کی رہائشگاہ پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کے دوران کیا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے پیپلز پارٹی کے ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے، سعید غنی مومن آباد، اورنگی ٹاؤن میں شہید ہونے والے سیکورٹی گارڈ خدایار ولد شیر یار کی رہائش گاہ پہنچے اور وہاں ان کے اہلخانہ اور دیگر لواحقین سے تعزیت کی، صوبائی وزیر نے فاتحہ خوانی کی اور شہید خدا یار کی بہادری کو سراہا، بعد ازاں صوبائی وزیرسعید غنی سانحہ کے دوسرے شہید سیکورٹی گارڈ حسن ولد بچو کی رہائش گاہ لیاری کھڈہ مارکیٹ پہنچ گئے اور انکے اہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی، بعد سعید غنی سانحہ کے تیسرے شہید گارڈ افتخار واحد کی رہائش گاہ ریلوے کالونی پہنچے، صوبائی وزیر نے افتخار واحد کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم ان شہداء کی ہمت و عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔

تازہ ترین