کراچی پولیس کے ایک سینئر افسر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی پولیس رینج میں عالمی وبا سے دو افسران سمیت تین ملازمین کی اموات ہوئی ہیں جبکہ کورونا وائرس سے اب تک سندھ پولیس کے 16 ملازمین جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں نے قدرتی آفات سمیت ہر مشکل گھڑی اور حالات میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے فرض کی ادائیگی کے دوران فرنٹ لائن پر ڈیوٹی دیتے ہوئے سندھ پولیس کے ایک سینئر افسر نے جام شہادت نوش کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایس پی کمپلینٹ سیل ضلع ملیر شکیل احمد کورونا وبا کے پھیلاؤ کے بعد حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے احساس پروگرام کے تحت سوئیڈش کالج میں بطور انچارج ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔
شکیل احمد دو ہفتے قبل 19 جون کو کورونا سے متاثر ہوئے اور اسپتال میں زیرعلاج تھے، دوران علاج جمعرات کے رو جہانِ فانی سے کوچ کرگئے۔ شہید نے لواحقین میں ایک بیوہ اور چار بچے سوگوار چھوڑے ہیں۔
شکیل احمد نے یکم نومبر 1984کو بحیثیت اسٹنٹ سب انسپیکٹر پولیس فورس جوائن کی۔ وہ ایک سال قبل اٹھارہ گریڈ میں ترقی ملنے کے بعد ضلع ملیر میں ایس پی پبلک کمپلین سیل تعینات ہوئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق سندھ پولیس کے ایک ڈی ایس پی احمد نواز کا بھی کرونا وائرس کے باعث انتقال ہوگیا۔ احمد نواز 1986 میں بطور اے ایس آئی سندھ پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ وہ ایس ایس یو کے ڈی ایس پی کے طور پر بلاول ہاؤس لاہور میں تعینات تھے۔ احمد نواز کا 17 جون کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کے اے ایس آئی عبدالرحیم الدین بھی جمعرات کی صبح کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے۔ متوفی کے ای ایس سی تھانے میں تعینات تھے ، کورونا وائرس کی وجہ سے عبدالرحیم الدین ایس آئی یو ٹی میں زیر علاج تھے۔
ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے فرائض کی ادائیگی کے دوران کورونا میں مبتلا ہوکر شہید ہونیوالے ایس پی شکیل اور ڈی ایس پی احمد نواز کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا اور انکے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ پولیس میں کورونا کے 90 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور جمعرات کی صبح تک سندھ پولیس کے کورونا وائرس کا شکار افسران اور جوانوں کی تعداد 1345 ہوگئی۔شہداء میں 14 کا تعلق کراچی جبکہ دو کا حیدرآباد رینج سے ہے۔
370 پولیس ملازمین صحتیاب ہوگئے جبکہ زیر علاج افسران اور جوانوں کی تعداد 961 ہے۔ کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے روزانہ کی بنیاد پراقدامات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق کورونا کے خلاف ہر اول دستے کے طور پر کام کرنیوالے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پرعزم اور بلند حوصلہ ہیں۔