وفاقی وزیر علی زیدی کے الزامات کے بعد سندھ حکومت نے عزیر بلوچ، نثار مورائی اور سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹیز منظر عام پر لانےکا اعلان کردیا۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ تینوں جے آئی ٹی رپورٹس پیر کے روز محکمہ داخلہ کی ویب سائٹ پر دستیا ب ہوں گی۔
ناصر حسین شاہ اور سہیل انور سیال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے میں کہا کہ وہ علی زیدی کو چیلنج کرتے ہیں کہ جے آئی ٹیز میں پی پی قیادت، آصف زرداری یا فریال تالپرکا ذکر دکھادیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ علی زیدی نے قومی اسمبلی کے فلو ر پر جھوٹ بولا، حقائق کی درستی کےلیے جے آئی ٹیز سامنے لارہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی زیدی اپنے محکمے کے بارے میں کوئی جواب نہیں دیتے ، علی زیدی جواب دینے کی اہلیت ہی نہیں رکھتے، کیونکہ کاغذات نہیں پڑھتے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ علی زیدی کا پی آئی اے سے کیا تعلق ہے، ایوی ایشن کے وزیر بات کریں، جبکہ جو پورٹس منسٹری نہیں چلا پائے کہتے ہیں چھ مہینے میں پی آئی اے ٹھیک کردیں گے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ایک وزیر نے جلد بازی میں بیان دےدیا پوری قوم بھگت رہی ہے، پی آئی اے کو مختلف ملکوں میں جگ ہنسائی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کا بیڑا غرق کردیا، بس ہم کریں گے، کر کیا رہےہیں، یہ نہیں بتاتے، کون کون دہری شہریت رکھتا ہے کابینہ میں نہیں بتایا جاتا، جبکہ ریاست پاکستان کے ساتھ ان کی کیا وفاداری ہے؟۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو نے 2018 میں تمام اثاثے ڈکلیئر کیے، 40 لاکھ روپے زرعی انکم ٹیکس کا بھی ذکر کیا گیا، جبکہ سوال وہ پوچھ رہا ہے کہ جس نے 2016 میں ٹیکس ہی نہیں جمع کرایا۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ علی زیدی صاحب بلاول نے آپ کی طرح صفر ٹیکس جمع نہیں کرایا۔