شہرہ آفاق ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی تُرک اداکارہ اسرا بلجک کا کہنا ہے کہ وہ تُرکی سے باہر کسی بھی انتظامی کمپنی سے وابستہ نہیں ہیں۔
اسرا بلجک نے پاکستان کے ایک نجی اخبار کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان کے 3 مقبول ترین برانڈز کے ساتھ کام کریں گی لیکن اِس حوالے سے اُنہوں نے برانڈز کے نام پوشیدہ ہی رکھے تھے اور کہا تھا کہ وہ جلد ہی پریس ریلیز کے ذریعے برانڈز کے نام بتائیں گی۔
اب اسرا بلجک نے اُردو زبان میں ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے بتایا ہے کہ وہ تُرکی سے باہر کسی بھی انتظامی کمپنی سے وابستہ نہیں ہیں۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری میں اسرا بلجک نے اُردو زبان میں لکھا کہ ’میری آفیشنل مینجر اور واحد نمائندہ صرف ڈیوگو دروکان جیجی ہے تو آپ کسی بھی منصوبے، اشتراک یا شراکت داری کے لیے اِن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔‘
اسرا بلجک نے مزید لکھا کہ ’میں تُرکی سے باہر کسی بھی انتظامی کمپنی سے وابستہ نہیں ہوں، شکریہ۔‘
تُرک اداکارہ نے اپنا یہ پیغام ناصرف اُردو زبان میں لکھا بلکہ انگریزی زبان میں بھی جاری کیا۔
واضح رہے کہ اِس سے قبل اسرا بلجک نے پاکستانی مداحوں کی وجہ سے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کا کمنٹ سیکشن بند کردیا تھا، تُرک اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر پوسٹ کی تھی جس میں اداکارہ نے مغربی لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔
تصویر پوسٹ کرنے کے بعد پہلے تو اسرا بلجک نے اپنی پوسٹ کا کمنٹ سیکشن کھولا ہوا تھا جس پر پاکستانیوں نے اُن کے لباس کی وجہ سے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن پاکستانی عوام کے تنقید بھرے پیغامات کے بعد اسرا بلجک نے اپنی اُس پوسٹ کا کمنٹ سیکشن بند کردیا تھا تاکہ کوئی بھی اُن کی تصویر پر منفی تبصرے نہ کرسکے۔