• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فردوس شمیم اور دیگر نے مگرمچھ کے آنسو بہائے، امتیاز شیخ

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ فردوس شمیم اور دیگر نے مگر مچھ کے آنسو بہائے ہیں، کے الیکٹرک، حیسکو، سیپکو وفاق کے ماتحت ہیں، تو پھر کیا پی ٹی آئی نے وزیراعظم کےخلاف دھرنا دیا ہے؟

امتیاز شیخ نے سندھ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اداروں کو نہیں چلاسکتی تو بتادے، کراچی کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی پی ٹی آئی حکومت کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کے الیکٹرک کےخلاف دھرنا وزیر اعظم کے نااہل ہونے کا اعتراف ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پہلے کے الیکٹرک کا ٹیرف بڑھایا، وزیراعظم نے کےالیکٹرک کےخلاف انکوائری کیوں نہیں کرائی۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ نیپرا فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کےالیکٹرک معاملے کی تحقیقات کے لیے بھیجے، کے الیکٹرک کو جو سرمایہ کاری کرنی تھی وہ نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس دیکر لائسنس معطل کیاجائے، وفاقی حکومت کے کچھ لوگوں کی ملی بھگت سےکے الیکٹرک ظلم کررہی ہے، کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں لوڈشیڈنگ کا عذاب ہے، وفاقی حکومت ملک میں پاور ڈویژن مسائل کی ذمہ دار ہے۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت نے کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا ہے، وفاقی حکومت نے مارچ میں فرنس آئل کی امپورٹ پر پابندی لگائی، کراچی میں لوڈشیڈنگ پی ٹی آئی کی گورننس کے سبب ہوئی ہے۔

وزیرتوانائی سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج چور مچائے شور کے مترادف ہے، حیسکو، سیپکو نہیں چلاسکتے تو سندھ حکومت کےحوالے کردیں۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ نیپرا کی ٹیم آئندہ جمعے کو کراچی میں سماعت کرےگی، ہم کے الیکٹرک کے خلاف عوامی سماعت میں سندھ کی طرف سے پیش ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے گزشتہ سال کرنٹ سے جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو معاوضہ نہیں دیا، جبکہ وفاقی حکومت کے ادارے جو کارروائی کرسکتے ہیں وہ بھی نہیں کررہے۔

تازہ ترین