اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے مبینہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری ان کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر ملزمان پر فردِجرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کر دی۔
احتساب عدالت اسلام آبادکے جج اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
عدالت کی جانب سے فریال تالپور کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیئے: زرداری اور فریال پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے استدعا کی کہ فردِ جرم عائد ہونے سے پہلے قانونی تقاضے پورے کر لیے جائیں۔
احتساب عدالت نے مبینہ میگامنی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری، فریال تالپور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 جولائی تک ملتوی کر دی۔