• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی عائد، قیمت دگنی ہوگئی

کراچی (رپورٹ/رفیق بشیر)وفاقی حکومت نے ایران سے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی عائد کردی جس کے باعث مارکیٹ میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت دوگنی ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت نیشنل فوڈسکیورٹی نے ایران سے ٹماٹر کی درآمد کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کلکٹر این ایل سی ڈرائی پورٹ کوئٹہ کو امپورٹ پرمٹ کے بغیر درآمد ہونے والی ٹماٹر کی کھیپ کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہ دینے اور کلیئر نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے اور کہاہے کہ ٹماٹر کی درآمدسرکاری سطح پر کی جائے اور اس کے لئے درآمدی پرمٹ حاصل کئے جائیں۔

جبکہ تاجروں کا کہنا ہے ٹماٹر ہمیشہ سے بغیر درآمدی پرمٹ کے ایران سے آتا ہے ‘پرمٹ کا حکم دے کر حکومت نے کرپشن کا نیا دروازہ کھول دیا ہے ۔ایران سے ٹماٹر نہ آنے پرقلت کے باعث قیمت دوگنی ہوگئی ہےاور خوردہ سطح پر ٹماٹر 70سے 80روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے۔

ایرانی ٹماٹر درآمد کرنے والے تاجرں کا کہنا ہے کہ ایران سے ٹماٹر کی درآمد کے لیے پرانی تاریخ میں درآمدی پرمٹ جاری کیے جارہے ہیں جس پر فی ٹرک 60سے 70ہزار روپے وصول کیے جارہے ہیں جس سے ایرانی ٹماٹر کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔

ٹماٹر کی قیمت 300روپے فی پیٹی سے تجاوز کرجانے کے بعد وفاقی حکومت نے نومبر 2019کے وسط میں ٹماٹر کی مقامی سطح پر قلت کے پیش نظر ایک ماہ کے لیے ایران سے ٹماٹر کی اجازت دی تھی ۔ اس اجاز ت کی مدت دسمبر کے وسط میں ختم ہوگئی ہے ۔

تازہ ترین