جنوبی امریکا کے ملک بولیویا کی خاتون صدر جینائین اینیز شاویز کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں، جبکہ دیگر 7 بولیوین وزراء میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بولیوین عبوری صدر جینائین اینیز شاویز نے اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ جینائین اینیز شاویز دوسرے جنوبی امریکی ملک کی سربراہ ہیں جو کورونا وائرس کا شکار ہوئی ہیں، ان سے قبل برازیل کے صدر جیئر بولسونیرو بھی کورونا کے مرض میں مبتلا رہ چکے ہیں۔
بولیویا میں اب تک 1 ہزار 638 افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی گنوا چکے ہیں جبکہ 44 ہزار 113 کورونا مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں۔
ادھر میکسیکو اور جنوبی افریقہ میں بھی کورونا وائرس کے یومیہ ریکارڈ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، میکسیکو میں ایک ہی روز میں 7 ہزار 280 اور جنوبی افریقہ میں 13 ہزار 674 ریکارڈ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
میکسیکو میں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 33 ہزار 526 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 2 لاکھ 82 ہزار 283 ہو گئے۔
جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس اب تک 3 ہزار 720 افراد کی جان لے چکا ہے جبکہ یہاں 2 لاکھ 38 ہزار 339 کورونا مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
ادھر سنگاپور میں کورونا وائرس کی وباء کے دوران عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: برازیل کے صدر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے
سنگا پور نے کافی حد تک اس وباء پر قابو پایا ہے، جہاں اب تک 26 کورونا مریض جان سے گئے ہیں جبکہ کورونا کیسز کی تعداد 45 ہزار 423 تک پہنچ چکی ہے۔
افریقی ملک الجزائر میں کورونا کے کیسز بڑھنے پر سفری پابندیوں میں سختی کی جا رہی ہے، جس کے تحت ملک میں آج سے ایک صوبے سے دوسرے صوبے تک جانے پر پابندی ہو گی۔
الجزائر میں کورونا وائرس کی وباء سے اب تک 988 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کورونا کے 17 ہزار 808 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 23 لاکھ 93 ہزار 533 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 57 ہزار 494 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 46 لاکھ 11 ہزار 54 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 647 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 72 لاکھ 24 ہزار 985 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔