وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ’گریٹر تھل کینال ‘ منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ اس منصوبے کو جلد از جلد شروع کیا جائے۔
سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت گریٹر تھل کینال اور آبپاشی امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اس دوران عثمان بزدار نے 121 سال پرانے منصوبے ’جلالپور کینال سسٹم‘ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ہدایت کی کہ پنجاب میں کینال سسٹم کی بحالی پر کام تیز کیا جائے۔
عثمان بزدار کہا کہ اس سال ’گریٹر تھل کینال سسٹم‘ پر کام شروع ہو جائےگا، گریٹر تھل کینال کے لیے میرٹ پراراضی کے نرخ کا تعین بھی کیا جائے گا۔
عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آبپاشی کے نظام کو بہتر بنا کر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا، گریٹر تھل کینال لیہ، بھکر، جھنگ، مظفر گڑھ اور خوشاب میں خوشحالی لائے گی، اس منصوبے کے ذریعے 2 لاکھ 90 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی جس سے اورقومی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اجلاس کے دوران مزید کہا کہ 2008 میں منکیرہ برانچ کی تکمیل کے بعد سے یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑا ہوا تھا، گریٹر تھل کینال کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک150ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات کو گریٹر تھل کینال کے لیے متبادل زمین فراہم کی جائے گی جبکہ گریٹر تھل کینال کی تعمیر کے لیے مالی امور کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔