• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوامِ متحدہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ پانچ برس حالیہ تاریخ کا گرم ترین دورانیہ ثابت ہو سکتے ہیں اور اس دوران عالمی درجہ حرارت پری انڈسٹریل دور کے مقابلے میں ہر سال کم ازکم ایک ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوگا جبکہ مغربی یورپ میں مزید طوفان آئیں گے اور رواں سال 2020میں جنوبی امریکہ، افریقہ، اور آسٹریلیا کے متعدد حصے زیادہ تر خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔ عالمی ادارہ برائے موسمیات کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں ظاہر کردہ خدشات میں عالمی درجہ حرارت میں خطرناک اضافہ بطور خاص قابل توجہ ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کا منفی رخ نئی بیماریوں کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ صورتحال متقاضی ہے کہ عالمی برادری مل کر کرہ ارض کے موسم اور ماحول کو مزید خطرے سے بچانے کی کوشش کرے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ ہی کے ذرائع عالمی امن کے حوالے سے بھی خطرات کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ ماہرین کی طرف سے انسانی حقوق کونسل کو بتایا گیا ہے کہ دنیا کی فوج ایسے بے قابو قسم کے نئے ڈرون عہد میں داخل ہو رہی ہے جس میں کوئی معیار مقرر نہیں۔ پاکستان کو اس صورتحال کا تجربہ جاسوس کواڈ کاپٹرز کی بھارت کی طرف سے آمد اور پاک فوج کے ہاتھوں انکی تباہی کے واقعات کی صورت میں اچھی طرح ہے۔ جمعرات کی صبح بھی ضلع جہلم کے پانڈو سیکٹر میں بھارتی جاسوس کو اڈ کاپٹر کے مار گرائے جانےکا منظر لوگوں کی بڑی تعداد نے دیکھا۔ چین کے گرد گھیرا ڈال کر علاقائی کشیدگی پیدا کرنے کی کوششیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین تر ہوتی صورتحال، برسوں کی جنگ سے بے حال مشرق وسطیٰ خصوصاً لیبیا میں بیرونی مداخلت کی بڑھتی ہوئی خبریں عالمی امن کے لئے تشویش ناک ہیں۔ ضرورت ہے کہ اقوامِ متحدہ کا خصوصی اجلاس بلا کر ان تمام امور پر غور کیا جائے اور دنیا کو نئے خطرات سے بچانے کی موثر تدابیر بروئے کار لائی جائیں۔

تازہ ترین