مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے ترک زبان میں سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ ن کے صدرمیاں شہباز شریف نے ترک زبان میں پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’تمام ممالک کی اپنی اپنی قانون سازی اور عدالتی نظام ہے، آیا صوفیہ کو مسجد میں تبدیل کرنا ترکی کا حق ہے۔‘
شہباز شریف نے مزید لکھا کہ ’تمام اسلامی ممالک میں، ترکی مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک بہترین مثال ہے۔‘
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ترکی کی اعلیٰ عدلیہ نے آیا صوفیہ کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔
تاریخی شاہکاروں کے ٹرسٹ اور ماحولیاتی انجمن کی جانب سے آیا صوفیہ کو مسجد سے میوزیم میں تبدیل کئے جانے کیخلاف مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔
کونسل آف اسٹیٹ نے 2 جولائی کی سماعت میں فریقین کا موقف سننے کے بعد 24 نومبر 1934 کے کابینہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا۔