• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس او پی کے تحت مویشی منڈیاں کھولنے کی اجازت


وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کی جانب سے کورونا وائرس ایس او پیز کے تحت مویشی منڈیاں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید مرادعلی شاہ کی زیرصدارت اہم ترین اجلاس منعقد ہوا، اس دوران وزیراعلیٰ سندھ نے ایس او پی کے تحت مویشی منڈیاں کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ عوام بلاوجہ مویشی منڈیوں میں جانے سے گریز کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ گلی کوچوں میں جانوروں کی منڈیوں کی روک تھام کی جائے اور مویشی منڈیوں میں موبائل ٹیم سے کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق مویشی منڈیوں میں بچوں کے جانے پر پابندی ہوگی۔

سید مراد علی شاہ نے اجلاس کے دوران عوام سے اپیل کی ہے کہ جانوروں کی قربانی کے لیے مخصوص جگہ بنائی جائیں، اگر گلی گلی میں جانور ذبح کیے جائیں گے تو بیماریاں پھیلیں گی۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت مفت ٹیسٹ کر رہی ہے اور مزید ٹیسٹ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ کسی کو بھی کورونا علامات محسوس ہوں تو کورونا کا ٹیسٹ ضرور کروائے، وزیراعلیٰ کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ علامات پر ٹیسٹ کرانے کے لیے موبائل فون پر پیغام بھیجیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مویشی منڈی کے لیے ایس او پیز حکومت جاری کرے گی، منڈی منتظمین کو پابند کیا جائے گا کہ ایس او پیز پر عمل کرائیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس کے دوران قربانی کے لیے یونین کونسل سطح پر مخصوص جگہ بنانے کے فیصلے سمیت کورونا کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں ٹیسٹ زیادہ کرنےکافیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔

تازہ ترین